”ادبی بیٹھک و کتب میلے“ کا مقصد تعلیمی و ادبی سرگرمیوں کو فروغ دینا ہے – حب لیٹریری فورم

331

حب لیٹریری فورم نے اپنا اعلامیہ جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ حب لیٹریری فورم جو گذشتہ کئی سالوں سے حب میں تعلیمی سرگرمیوں کے لئے کام کرتا آرہا ہے جس میں حب پبلک لائبریری کو فعال کرنا، علمی و ادبی سرکلز اور نجی تعلیمی اداروں میں کتب بینی کے فروغ کے لئے کتابوں کے ریویو سیشنز منعقد کرتا آ رہا ہے۔

اس سلسلے کو مزید آگے بڑھاتے ہوئے ادارے کی جانب سے 7 فروری 2021 بروز اتوار کو گورنمنٹ بوائز ہائی اسکول حب میں ایک روزہ تقریب ”ادبی بیٹھک و کتب میلہ“ کے عنوان سے منعقد کیا جائیگا جس کا مقصد حب میں تعلیمی اور ادبی سرگرمیوں کو فروغ دینا ہے۔ یہ حب میں اپنی نوعیت کا پہلا تقریب ہوگا جس میں مختلف موضوعات زیر بحث ہونگے اور بلوچستان بھر سے پروفیسرز، دانشور اور مختلف شعبے کے ماہرین حصہ لیں گے۔

اس کے علاوہ طلبہ میں کتب بینی کو فروغ دینے کے لئے کتب میلے کا بھی انعقاد کیا جائیگا جس میں مختلف موضوعات پر رعایتی قیمت پر کتب دستیاب ہونگے۔

آرٹس، سماج، سیاست، ادب اور تاریخ کے موضوعات پر پینل ڈسکشنز و بحث و مباحثے سمیت نوجوان اور مقامی لکھاریوں کی حوصلہ افزائی کے لئے ”کتب رونمائی“ کا بھی انتظام کیا جائیگا۔ حب لیٹریری فورم علم دوست، ادب سے تعلق رکھنے والے، نشریاتی ادارے اور میڈیا پرسنز سمیت خاص طلبا و طالبات سے اپیل کرتا ہے کہ اس پروگرام میں شرکت کر کے اس مقصد کو کامیاب بنانے میں کردار ادا کریں۔