کابل میں یونیورسٹی پر حملہ، 20 افراد ہلاک

402

افغان دارالحکومت کابل کی یونیورسٹی میں ایرانی کتاب میلے کے شرکاء پر پیر کے روز متعدد مسلح افراد نے حملہ کر دیا۔ حملے میں بیس افراد ہلاک ہوئے ہیں۔

کابل یونیورسٹی کے قریب فائرنگ کا تبادلہ اس وقت ہوا جب افغان اور ایرانی عہدیدار یونیورسٹی میں ایک کتاب نمائش کا افتتاح کررہے تھے۔

حملے کے فوری بعد یونیورسٹی کیمپس میں موجود کئی افراد کو وہاں سے بحفاظت نکال لیا گیا۔

ملکی وزارت صحت کی نائب ترجمان معصومہ جعفری نے صحافیوں کو بتایا کہ اس حملے میں کم از کم آٹھ افراد زخمی بھی ہو گئے۔

ان میں طلبا بھی شامل ہیں اور چند یونیورسٹی اساتذہ بھی، جنہیں علاج کے لیے ایک قریبی ہسپتال پہنچا دیا گیا۔

خبر رساں ادارے اے ایف پی نے لکھا ہے کہ افغان طالبان نے اس حملے کے فوری بعد کہہ دیا کہ ان کا اس مسلح کارروائی سے کوئی تعلق نہیں ہے۔ لیکن ماضی میں افغانستان کے مختلف شہروں میں سال ہا سال تک بڑے اور اہم تعلیمی اداروں پر داعش سمیت مختلف انتہا پسند گروپ خونریز حملے کرتے رہے ہیں۔