میرا ڈونا کی موت طبعی یا قتل؟ معاملہ مشکوک ہوگیا

431

لیجنڈ فٹبالر ڈیاگو میرا ڈونا کی موت طبعی تھی یا ان کو قتل کیا گیا، ارجنٹائن کے حکام کی تحقیقات جای۔

رپورٹس کے مطابق ارجنٹائن کے شعبہ صحت کے حکام کو میرا ڈوناکے قتل کا خدشہ ہے تاہم فی الحال میرا ڈونا کے انتقال کے سارے اشارے طبعی موت کے ہی ہیں اور پوسٹ مارٹم رپورٹ میں بھی دل کا دورہ انتقال کا باعث بتایا گيا ہے۔

تازہ ترین اطلاعات کے مطابق ارجنٹائن کے دارالحکومت بیونس آئرس میں پولیس نے میرا ڈونا کے ڈاکٹر کے گھر اور نجی کلینک پر چھاپہ مارا اور تلاشی لی، چھاپے کا مقصد میراڈونا کے علاج میں مبینہ غفلت کا پتہ چلانا بتایا گیا ہے۔

دوسری جانب آنجہانی فٹبالرکی دیکھ بھال پر مامور نرس نے بھی جھوٹ بولنےکا اعتراف کرلیا اور کہاکہ  آخری دن وہ میرا ڈونا کے کمرے میں گئی ہی نہیں، اس سے جھوٹ بلوایا گیا۔

اس سے قبل نرس نے بیان دیا تھا کہ انتقال سے چند گھنٹے قبل وہ میرا ڈونا کے کمرے میں گئی تھی اور وہ بالکل نارمل سانس لے رہے تھے۔

پراسیکیوٹرز نے میرا ڈونا کے گھر کی سی سی ٹی وی ویڈیوز اور متعلقہ نرسوں کے موبائل فونز کاجائزہ لینا بھی شروع کردیا ہے۔

خیال رہے کہ دنیائے فٹبال کے عظیم کھلاڑی ڈیاگو میراڈونا 4 روز قبل مبینہ طور پر دل کا دورہ پڑنے سے انتقال کرگئے تھے۔

60 سالہ فٹبالر کی گزشتہ دنوں دماغ کی کامیاب سرجری بھی ہوئی تھی جس کے بعد انہیں ڈسچارج کردیا گیا تھا تاہم وہ گھر پر ہی طبی عملے کی خصوصی نگرانی میں تھے۔

میرا ڈونا ارجنٹائن کی ٹیم کے سابق کپتان رہے ہیں اور اپنے وقت کے عظیم کھلاڑی تھے جن کی قیادت میں ارجنٹائن نے 1986 میں ورلڈکپ جیتا، ان کے انتقال نے دنیا بھر کے فٹبال شائقین کو افسردہ کردیا ہے۔