بلوچستان میں اس وقت وفاقی سیکیورٹی اداروں کی حکمرانی ہے – نیشنل پارٹی

104

نیشنل پارٹی کے مرکزی سیکریٹری جنرل جان محمد بلیدی اور صوبائی جنرل سیکرٹری خیربخش بلوچ نے چاغی کے ضلعی قیادت سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ وقت آگیا ہے کہ ملک کی جمہوری و سیاسی قوتیں متحد ہوکر اپنا جمہوری کے استحکام ، پارلیمنٹ کی بالادستی اور ملک میں منصفانہ و شفاف بنیادوں پر انتخابات کے انعقاد میں اپنا جمہوری کردار ادا کریں ۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ کا چارٹر آف ڈیمانڈ مظلوم طبقات و قوموں کے مطالبات کے تحفظ کو یقینی بنانے کے لیے ہے۔

انہوں نے کہا کہ لاپتہ افراد کا مسئلہ اس ملک کا سنگین ترین مسئلہ بن گیا ہے جس پر پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ کا واضح پالیسی ہے ۔

انہوں نے کہاکہ بلوچستان میں عملا وفاقی سیکیورٹی کے اداروں کی حکمرانی ہے ہر دس بیس کلومیٹر پر وفاقی سیکیورٹی کے اداروں کے چیک پوسٹیں عوام کو تنگ کرنے ان کی جامع تلاشی کے لیے بیٹھا دیے گئے ہیں جن کو امن و امان سے کوئی سروکار نہیں ہے جو ہر باعزت افراد کی بے عزتی کرتے رہتے ہیں ۔

انہوں نے کہاکہ آغاز حقوق بلوچستان پر عملدرآمد، لاپتہ افراد کی بازیابی اور عدالتوں میں پیش کرنے اور سیکیورٹی فورسز کی اپنے کیمپوں تک محدود کرنے کی پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ کے مطالبات برائے راست بلوچستان عوام و سیاسی جماعتوں کے بنیادی مطالبات سے ہم آہنگ ہیں۔

انہوں نے ضلع چاغی اور دالبندین کے ساتھیوں پر زور دیا کہ وہ پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ کوئٹہ کے منعقد جلسہ عام میں اپنی بھرپور شرکت کو یقینی بنائیں اور جمہوری سیاسی تحریک میں اپنا قومی کردار ادا کریں ۔

نیشنل پارٹی صوبائی لیبر سکریٹری سردار رفیق شیرسنجرانی، ضلعی آرگنائزر عاطف بلوچ، ضلعی صدر طارق سنجرانی، سابق ضلعی صدر کامریڈ اللہ نور نے مرکزی و صوبائی قائدین کا دورہ چاغی کا شکریہ ادا کیا اور نیشنل پارٹی کی ضلعی رپورٹ پیش کی اور قیادت کو یقین دہانی کرائی کہ پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ کے کوئٹہ کے جلسہ عام میں بھرپور شرکت کریں گے۔