پاکستان فوج کی پمفلٹ بازی اپنے جرائم پر پردہ پوشی کی ناکام کوشش ہے – ڈاکٹر اللہ نذر

321

بلوچ قوم پرست رہنماء ڈاکٹر اللہ نذر بلوچ نے کہا  پاکستان کی جانب سے مختلف علاقوں میں پمفلٹس کی تقسیم اور عوام سے مدد کی اپیل اس کی شکست کا مظہر ہے۔ مند اور گرد و نواح میں ہیلی کاپٹروں کے ذریعے پمفلٹس کی تقسیم اور حال ہی میں ایف سی بلوچستان جنوبی کی جانب سے پمفلٹ کی تقسیم، مدد کی اپیل اور بلوچ جہدکاروں کو فسادی قرار دینا بلوچستان میں اپنے جرائم پر پردہ پوشی کی کوشش ہے۔

انہوں نے کہا کہ بلوچ قوم قابض ریاست کے خلاف اپنی آزادی کی جدوجہد میں مصروف ہے۔ ایسے میں پاکستانی فوج اور اس کی پیراملٹری فورس کی جانب سے ایسی بیانات کا آنا فریب اور عوام کو دھوکہ دینا ہے۔ انہیں معلوم ہو چکی ہے کہ عوام کو بزور طاقت اپنے حق اور حمایت پر راغب نہیں کیا جا سکتا۔ بلوچستان میں پاکستانی مظالم اور مذہبی انتہا پسندی کی پرورش سے پوری دنیا آگاہ اور باخبر ہوچکی ہے۔ ایسے میں پمفلٹس کے ذریعے ہمیں فسادی قرار دیکر وہ اپنے ان جرائم کو چھپانا چاہتی ہے جس سے وہ افغانستان، کشمیر اور کئی علاقوں میں فساد کرکے دہشت گردی کو فروغ دے رہے ہیں۔
فرنٹیئر کور بلوچستان کی جانب سے ہیلی کاپٹر کے ذریعے بلوچستان کے مختلاف ایریاز میں پھینکے گئے پمفلیٹ

ڈاکٹر اللہ نذر بلوچ نے کہا کہ اس پمفلٹ میں بلوچ جہدکاروں کے خاندان اور رشتہ داروں کی دربدری کا ذکر کرکے وہ اپنی اس گناہ کا بھی اعتراف کرچکے ہیں کہ اجتماعی سزا کے تحت انہیں بھی نشانہ بناکر گھربار چھوڑنے پر مجبور کرکے اپنی ہی سرزمین پر مہاجر بنا کر کسمپرسی کی زندگی گزارنے پر مجبور کیا ہے۔

قوم پرست رہنما نے کہا کہ ایف سی جس فساد کو ہم سے جوڑ کر اسے اللہ کی جانب سے ناپسند قرار دے رہی ہے تو اسے اسلامی تعلیمات پر سبق حاصل کرنے کی ضرورت ہے۔ اللہ تعالیٰ حق و باطل کی جنگ میں ہمیشہ حق اور سچائی کا ساتھ دیتے ہیں۔ پاکستان نے جس طرح طاقت کے استعمال سے بلوچستان پر قبضہ کیا، ایسے قابضین کے خلاف جدوجہد کو ہماری روایات، مذہب، اللہ تعالی اور عالمی قوانین بھی جدوجہد کو جائز سمجھتے ہیں۔

ڈاکٹر اللہ نذر بلوچ نے کہا کہ ایسی پمفلٹ بازی قابض اور نوآبادی طاقتوں کی جانب سے ایک حربہ ہے۔ وہ عام عوام پر مظالم ڈھاکر اسے راست ثابت کرنے کی کوشش کرتے ہیں لیکن بلوچ قوم پاکستان کا اصل چہرے اورنجات کی منزل سے واقف ہوچکا ہے۔ اس عظیم قوم کو کسی بھی قیمت پر اپنے منزل سے بھٹکایا نہیں جاسکتاہے۔