وزیرستان میں بم دھماکے، لیفٹیننٹ ہلاک، اہلکاروں سمیت 6 افراد زخمی

322

صوبہ خیبرپختونخواہ کے قبائلی ضلع جنوبی وزیرستان کے تحصیل شکتوئی میں بارودی سرنگ کا دھماکہ ہوا جس کے نتیجے میں لیفٹیننٹ ہلاک جبکہ چار اہلکار شدید زخمی ہوگئے۔

ذرائع کے مطابق دھماکا آنا خیل سترراغزی کے علاقے میں ہوا جس میں لیفٹیننٹ ناصر خالد زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے ہسپتال میں ہلاک ہوئے جبکہ نائیک غفار، نائیک عمران اور سپاہی عثمان شدید زخمی ہیں۔

زخمیوں کو ہیلی کاپٹر میں علاج کے لیے سی ایم ایچ منتقل کیا گیا جبکہ فورسز نے علاقے کو گھیرے میں لے کر سرچ آپریشن شروع کردیا ہے۔

لیفٹیننٹ ناصر خالد آسٹریلیا دفاعی فورس اکیڈمی کے گریجویٹ تھے، ان کے والد پولیس کے محکمہ میں دوران ڈیوٹی ہلاک ہوئے تھے۔

حملے کی ذمہ داری تحریک طالبان پاکستان نے قبول کی ہے۔

دریں اثناء شمالی وزیرستان تحصیل میر علی میں بھی بم دھماکہ ہوا ہے جس کے نتیجے میں دو شہری زخمی ہوگئے۔

پولیس کے مطابق دھماکہ صبح آٹھ بج کر تیس منٹ پر امید اللہ لکڑی ٹال میں ہوا جس میں دو افراد زخمی ہوگئے۔