برلن پولیس نے ایک بلوچ سیاسی کارکن کو حراست میں لے لیا

909
فائل فوٹو

محمد سعید نے جرمنی میں سیاسی پناہ کی درخواست دی تھی۔

دی بلوچستان پوسٹ نیوز ڈیسک کو موصول اطلاعات کے مطابق جرمنی کے دارالحکومت برلن سے پیر کے روز برلن پولیس نے جرمنی میں سیاسی پناہ کے متلاشی ایک بلوچ سیاسی کارکن محمد سعید کو حراست میں لیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق محمد سعید کو برلن میں جرمن پولیس نے پاکستانی معاشی مہاجرین کے ہمراہ حراست میں لیا ہے۔

واضح رہے کہ محمد سعید سیاسی بنیاد پر بلوچستان سے اپنی جان بچا کر جرمنی میں سیاسی پناہ کا درخواست گزار تھا۔ جرمنی میں مقیم بلوچ سیاسی کارکنوں نے اس عمل کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ سعید کی جان کو پاکستان میں ریاستی اداروں سے شدید خطرات لاحق ہے، اسی لیئے وہ جان کی تحفظ کیئے جرمنی آئے ہیں اور سیاسی پناہ کی درخواست دی ہے۔

ذرائع کے مطابق محمد سعید بلوچستان میں پاکستانی فورسز کے ہاتھوں انسانی حقوق کی پامالیوں کے خلاف جرمنی میں احتجاجی مظاہروں میں شرکت کرتے رہے ہیں۔

یاد رہے کہ 14 مئی 2016 کو جرمنی سے اپنی مرضی پر اپنے آبائی علاقوں کو جانے والے دو بلوچ نوجوان کراچی سے لاپتہ ہوئے تھے۔

نعیم بلوچ اور قابوس بلوچ نامی ان نوجوانوں کو کراچی ائیر پورٹ پر ایف آئی اے نے حراست میں لیا تھا، کچھ عرصے بعد قابوس بلوچ کو رہا کیا گیا تھا تاہم نعیم بلوچ تاحال لاپتہ ہیں۔

واضح رہے کہ نعیم اور قابوس بلوچ نے جرمنی میں سیاسی پناہ کی درخواست دی تھی، تاہم بعد میں وہ اپنے مرضی سے واپس بلوچستان جانے کیلئے کراچی ائیر پورٹ پہنچے تھے۔