گیارہ اگست کا دن یوم آزادی کےطور پر منائیں گے – بی این ایم

178

بلوچ نیشنل موومنٹ کے مرکزی ترجمان نے اپنے جاری کردہ بیان میں کہا ہے کہ گیارہ اگست”یوم آزادی“ کی مناسبت سے بلوچستان اور عالمی سطح پروگرامز کا انعقاد کیاجائے گا۔ مرکزی سطح پر ایک آن لائن پروگرام اور سوشل میڈیا میں آن لائن مہم چلائی جائے گی۔

ترجمان نے کہا کہ بلوچ قومی تاریخ میں گیارہ اگست کا دن ایک اہم سنگ میل کی حیثیت رکھتا ہے۔ برطانوی سامراج کی طویل غلامی سے تاریخ ساز قربانیوں کے بعد بلوچ قومی سرزمین پر گیارہ اگست انیس سو سینتالیس (1947) کو آزادی کا سورج طلوع ہوا تھا اور بلوچ قوم بھی دنیاکے آزاد و خود مختیار اقوام کے صف میں شمار ہوا۔

ترجمان نے کہا کہ گیارہ اگست انیس سوسینتالیس کو برطانوی حکومت نے بلوچستان کی آزاد اور خودمختار حیثیت کو تسلیم کرتے ہوئے بلوچستان کی آزادی کا اعلان کیا تھا۔ اس کے چار روز بعدیعنی 15اگست کوہندوستان کی تقسیم کااعلان اور دو ڈومین ریاست بھارت اور پاکستان کا قیام عمل میں لایا گیا۔ آزادی کے فوراَبعد بلوچ قوم نے جمہوری نظام کی داغ بیل ڈالنے کے لئے دو ایوانوں کی صورت پارلیمان کی تشکیل کی۔

انہوں نے کہاکہ طویل غلامی کے بعدآزادی کے ابتدائی دنوں میں بلوچ قوم اپنی مستقبل کے نوک پلک سنوارنے میں مشغول تھا کہ اس وقت کے سامراجی قوتوں کے مفادات کی چوکیداری کے لئے نئی تشکیل شدہ ریاست پاکستان نے ایک مختصر مدت کے بعد آزاد بلوچستان میں چڑھائی کرکے بلوچ کی آزادی سلب کرلی۔ یوں بلوچستان کی موجودہ غلامی کا نیا اورہولناک دور شروع ہوا جو آج تک جاری ہے۔

ترجمان نے کہا کہ بلوچستان پر قبضہ نے نہ صرف بلوچ قومی زندگی،قومی تشخص،قومی بقا اور تہذیب و ثقافت کو تہہ و بالا کردیا بلکہ خطے کی موجودہ تباہ کن صورت حال بھی کافی حدتک بلوچستان کی قبضہ گیریت سے جڑا ہوا ہے۔ کیونکہ ایک آزاد بلوچستان خطے کے لینڈلاک ممالک کے لئے پوری دنیاسے سمندری رابطوں کا وسیلہ،خوش حالی اور اپنے سیکولر تشخص و روایتی مذہبی رواداری سے ہم آہنگی کا ضامن بن سکتاتھا۔ آج بھی خطے کی مقدر بلوچستان کی حیثیت سے منسلک ہے۔ بلوچستان کی غلامی جتنی طویل ہوگا، اس کامختلف صورتوں میں بھاری خمیازہ نہ صرف بلوچ قوم بلکہ خطے کے ممالک کو اٹھانا پڑے گا۔

ترجمان نے کہا کہ گیارہ اگست کو بلوچستان اور بیرونی ممالک میں ریفرنس پرگرام، مرکزی سطح پر آن لائن پروگرام کا انعقاد اورسوشل میڈیا میں #BalochistanDay کے ہیشٹیگ سے کمپیئن چلائی جائے گی-