سویڈن: لاپتہ بلوچ صحافی ساجد حسین کی لاش برآمد

936

سویڈن سے لاپتہ ہونے والے بلوچ صحافی ساجد حسین کی لاش سویڈن میں “اپسالا” شہر کے قریب ایک ندی سے برآمد ہوئی ہے۔

آن لائن انگریزی جریدے بلوچستان ٹائمز کے مطابق ” بلوچ ٹائمز کے ایڈیٹر ان چیف ساجد حسین اب مزید ہم میں نہیں رہے۔ کل رات (جمعرات) کو سویڈش پولیس نے انکے اہلخانہ کو مطلع کیا کہ ساجد حسین کی لاش اپسالا میں ایک ندی سے ملی ہے۔”

ساجد حسین بلوچ 2 مارچ 2020 سے اپسالا سویڈن سے لاپتہ ہوئے تھے۔ جہاں وہ اسی دن اپنی تعلیم جاری رکھنے کیلئے ایک نئی رہائش گاہ میں منتقل ہوئے تھے، جو طالبعلموں کیلئے مخصوص تھا۔

ہیومن رائٹس کونسل آف بلوچستان (ایچ آر سی بی) کے مطابق ” ساجد حسین سویڈن کے دارلحکومت اسٹاک ہوم میں رہائش پذیر تھے لیکن وہ اپنی تعلیم اور کام کی خاطر 2 مارچ کو اپسالا شہر منتقل ہوگئے۔ اپسالا پہنچنے کے بعد وہ دن دو بجے تک اپنے دوستوں اور خاندان کے ساتھ رابطے میں تھے۔ اسکے بعد سے انکے عزیز و اقارب ان سے رابطہ نہیں کرپارہے ہیں۔”

ساجد حسین بلوچ جو کئی ممتاز پاکستانی جریدوں میں کام کرچکے تھے، اپنے جان کو لاحق خطرات کی وجہ سے 2017 میں سویڈن بطور پناہ گزین منتقل ہوئے تھے۔

سویڈن میں انہوں نے ایک آن لائن انگریزی جریدے بلوچستان ٹائمز کی بنیاد رکھی۔ اپنے لاپتہ ہونے تک وہ بلوچستان ٹائمز کے چف ایڈیٹر تھے۔

30 مارچ 2020 کو صحافیوں کی عالمی تنظیم “کمیٹی ٹو پروٹیکٹ جرنلسٹس” نے سویڈش حکام سے یہ باضابطہ درخواست کی کہ وہ ساجد حسین کو ڈھونڈنے اور انکے تحفظ کو یقینی بنانے میں اپنا کردار ادا کریں۔

“سی پی جے” کے ایشیاء پروگرام کے کوآرڈینیٹر اسٹیون بٹلر نے اپنے جاری بیان میں کہا تھا کہ ” ساجد حسین کو ڈھونڈنے کیلئے سویڈش پولیس کو اپنی کوششوں میں تیزی لانی چاہیئے اور انکے اہلخانہ کو ہر پیشرفت سے آگاہ رکھنا چاہیئے۔”

انہوں نے مزید کہا تھا کہ ” ایک ایسے صحافی کی گمشدگی جو پاکستان کے ایک حساس مسئلے یعنی بلوچستان میں انسانی حقوق کے خلاف ورزیوں پر بات کرتا تھا اور جسے پاکستان اسلیئے چھوڑنا پڑا کیونکہ اسے دھمکیاں مل رہی تھیں، بہت سے خدشات جنم دیتا ہے۔”

اب تک بہت سے ایسے صحافی جو بلوچستان کے حساس مسئلے پر بات کررہے تھے، انہیں مبینہ طور پر پاکستانی سیکورٹی اداروں کی جانب سے نشانہ بنایا گیا ہے۔ اب ایک نمایاں بلوچ صحافی کا کسی یورپی ملک میں پہلے گمشدگی پھر موت بہت سے سنجیدہ سوالات و خدشات جنم دینے کا باعث بن سکتا ہے۔