بلوچستان: ٹریفک حادثات میں 3 افراد جانبحق، پانچ زخمی

190

بلوچستان کے دارالحکومت کوئٹہ، خاران اور حب میں پیش آنے والے ٹریفک حادثات میں بچے سمیت تین افراد جانبحق اور پانچ افراد زخمی ہوگئے۔

تفصیلات کے مطابق کوئٹہ کے علاقے زرغون پہاڑ کے قریب ٹریکٹر ٹرالی گہری کھائی میں جا گرا جس کے نتیجے میں ٹریکٹر میں سوار دو افراد گل نصیب اور تاج علی موقع پر جاںبحق جبکہ عصمت اللہ زخمی ہوگیا ہے، لاش اور زخمیوں کو فوری طور پر ہسپتال منتقل کردیا گیا جہاں سے لاشوں کو ضابطے کی کارروائی کے بعد ورثاء کے حوالے کردیا گیا جبکہ زخمی کو طبی امداد فراہم کی جارہی ہے۔

دریں اثنا خاران میں گواش روڑ پر تیز رفتاری کے باعث ایرانی زمباد گاڑی الٹنے سے نوراللہ ولد احمد شاہ سکنہ مل  نوشکی، سمیع اللہ ولد حمید اللہ شیزئی مل ضلع نوشکی، محمد جان ولد مجیب الرحمان محمد حسنی سکنہ ہڈڈو ضلع واشک، عزیزالرحمان ولد محمد نور بادینی سکنہ ہرئے ناوڑ ضلع واشک شدید زخمی ہوگئے۔

زخمیوں کو فوری طور پر شیخ زید ڈویژنل ہیڈکوارٹر ہسپتال خاران منتقل کیا گیا جہاں انہیں ابتدائی طبی امداد دینے کے بعد کوئٹہ ریفر کردیا گیا

اسی طرح سینٹرل جیل گڈانی کے قریب لوکل مسافر بس نے کمسن بچے کو کچل ڈالا، بچے کی عمر چھ سال بتائی جاتی ہے جس کی شناخت غلام مرتضیٰ ولد محمد یوسف کے نام سے ہوئی ہے جبکہ بچے کا والد سنٹرجیل گڈانی کا ملازم بتایا جاتا ہے۔

بچے کی لاش کو آر ایچ سی شیخ آباد منتقل کیا گیا۔ پولیس نے بس کو تحویل میں لے کر ڈرائیور کو گرفتار کرلیا۔