استاد اسلم بلوچ تاریخ کا منفرد کردار ہے – اختر ندیم بلوچ

991

بلوچ آزادی پسند رہنما اختر ندیم بلوچ نے اسلم بلوچ اور ساتھیوں کی پہلی برسی پر انہیں خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ ان کا کردار تاریخ میں ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔ استاد اسلم کردار و عمل کا ایسا پیکر تھا جس نے بلوچ جدوجہد برائے آزادی پر نمایاں اثرات مرتب کئے۔

اختر ندیم بلوچ نے کہا استاد اسلم بلوچ اور ساتھیوں کی شہادت پر دشمن نے خوشی کے شادیانے بجائے، دشمن اور اس کے حواری خوش ہوئے کہ اب بساط لپیٹ لیا جائے گا لیکن اس درندہ دشمن کو اس بات کا اندازہ ہی نہیں تھا کہ استاد اسلم کی جرات و بہادری، ہمت و جذبہ، تدبر و دانش اور عظیم قربانی اب بلوچ کے اجتماعی دانش کا حصہ بن چکے ہیں اور ایک ایسی طاقت میں ڈھل چکے ہیں جسے دنیا کی کوئی طاقت شکست نہیں دے سکتا۔

انہوں نے کہا کہ استاد اسلم بلوچ جنگی تاریخ کا ایک منفرد کردار ہے۔ بلوچ قومی جہد آزادی میں استاد کا کردار ایک ایسے سپه سالار کی ہے جو اپنے بروقت فیصلہ، شجاعت، بہادری، پخته قوت ارادی، سیاسی و فکری دور اندیشی سے ناقابل عبور مشکلات پر نہ صرف قابو پاتا ہے بلکہ انہیں اپنی قوت بناکر آگے بڑھا ہے۔ اسلم بلوچ ہمہ جهت شخصیت تھے۔ انہوں نے اپنے قول و فعل سے نوجوان جنگجوؤں، سیاسی ورکروں اور عوامی صفوں میں جوش و ولولہ پیدا کیا۔

اختر ندیم بلوچ نے کہا کہ آج ہم شہید اسلم بلوچ، شہید بابر مجید بلوچ، شہید سگار بلوچ کریم مری، شہید صادق بلوچ، شہید اختر بلوچ، شہید تاج محمد، شہید امان اللہ کی قربانی بلوچ جدوجہد آزادی کا اہم باب ہے۔ آج ہم فخر سے کہہ سکتے ہیں کہ شہدا کا کاروان آگے بڑھ رہا ہے اور شہدا کے لہو کی طاقت سے ہم جلد اپنی قومی منزل حاصل کریں گے۔