فضل الرحمان کا 27 اکتوبر سے حکومت کیخلاف اسلام آباد کی جانب مارچ شروع کرنے کا اعلان

132
فائل فوٹو

جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے 27 اکتوبر سے حکومت کیخلاف اسلام آباد کی جانب مارچ شروع کرنے کا اعلان کردیا۔

مولانا فضل الرحمان نے کہا ہے کہ 27 اکتوبر سے اسلام آباد کی طرف مارچ شروع ہوجائے گا، ملک بھر سے قافلے اس مارچ میں شریک ہوں گے، ہم اس حکومت کو چلتا کرکے دکھائیں گے۔

مولانا فضل الرحمان نے فوری نئے شفاف انتخابات کا مطالبہ بھی کیا اور دھمکی دی کہ اگر مارچ میں رکاوٹ ڈالی گئی تو پہلی اسکیم، پھر دوسری اسکیم ، پھر تیسری اسکیم ہوگی۔

انہوں نے کہا کہ یہ آزادی مارچ ہوگا، ملک کے ہر شعبہ زندگی کے سے تعلق رکھنے والے افراد آرہے ہیں، انشاء اللہ ن لیگ اور پیپلز پارٹی کی قیادت میں سے بھی لوگ شامل ہوں گے۔

فضل الرحمان نے بتایا کہ ہم ڈی چوک تک آئیں گے، ہم جلدی اٹھنے کے ارادے سے نہیں آرہے، ہماری ان کے ساتھ کسی بات پر مفاہمت نہیں ہو سکتی، ان کو جانا ہوگا، ہم کوئی تاریخ نہیں بدل رہے، نہ ہی کوئی ہمیں تاریخ بدلنے کا کہہ رہا ہے، اسلام آباد آنا اور بیٹھنا پر امن طریقے سے ہوگا۔

انہوں نے خبردار کیا کہ اگر گرفتار یا نظر بند کیا تو اس کی حکمت عملی بھی بنالی ہے۔