راشد حسین و دیگر لاپتہ افراد کیلئے احتجاج کی حمایت کرتے ہیں – بی ایچ آر او

194

تنظیم کے مرکزی انفارمیشن سیکرٹری نوازعطا بلوچ کی جبری گمشدگی کو دو سال مکمل ہونے پر پریس کانفرنس کی جائیگی اور سوشل میڈیا میں کیمپین چلائی جائیگی – بی ایچ آر او

بلوچ ہیومین رائٹس آرگنائزیشن کے مرکزی ترجمان نے اپنے جاری کرده بیان میں راشد حسین بلوچ اور لاپتہ افراد کے لواحقین کی جانب سے ہونے والے احتجاجی مظاہرے کی حمایت کرتے ہوئے کہا کہ بلوچستان دو دہائیوں سے انسانی بحران کی کیفیت سے دوچار ہے جہاں سکیورٹی فورسز آئین و قانون کے بر خلاف بلوچ سیاسی کارکنوں اور مختلف طبقہ فکر کے لوگوں کو ماورائے عدالت گرفتار کرکے نا معلوم میں تشدد کرنے کے بعد انہیں ماورائے عدالت قتل کررہے ہیں جس کی وجہ سے بلوچستان ایک مقتل گاه میں تبدیل ہوچکی ہے۔

راشد حسین انسانی حقوق کا کارکن تھا جنہیں چھبیس دسمبر دو ہزار اٹھاره کو شارجہ سے گرفتار کیا گیا اور بغیر کسی جرم کے چھ ماه پابند سلاسل رکھنے کے بعد بائیس جون دو ہزار انیس کو پاکستان کے حوالے کیا گیا لیکن آج تک ایک انسانی حقوق کے ممبر کو نہ عدالتوں میں پیش کیا گیا اور نہ ہی ان کے بارے میں فیملی کو اطلاع دی گئی۔

ترجمان نے مزید کہا کہ نواز عطا بلوچ جنہیں دو سال قبل کراچی کے علاقے گلستان جوہر سے سکیورٹی فورسز نے اٹھا کر لاپتہ کردیا تھا لیکن دو سال گزرنے کے باوجود تاحال انہیں منظر عام پہ نہیں لایا گیا۔ عطا نواز‘ بلوچ ہیومن رائٹس ایکٹیوسٹ اور بی ایچ آر او کا مرکزی انفارمیشن سیکرٹری ہے جنہیں انسانی حقوق کی پامالیوں کو اجاگر کرنے کی پاداش میں ماورائے عدالت گرفتار کرکے نامعلوم مقام پر منتقل کیا گیا۔ راشد حسین اور نواز عطا کی بازیابی کے لئے اہلخانہ نے انسانی حقوق کے قوانین کے تحت ہر فورم پر ان کے بازیابی کے لئے آواز اٹھائی لیکن انہیں آج تک انصاف کے حق سے محروم رکھا گیا ہے جو انسانی حقوق کی خلاف ورزی کے زمرے میں آتا ہے۔

ترجمان نے اپنے بیان کے آخر میں راشد حسین اور لاپتہ افراد کے اہلخانہ کے احتجاجی مظاہرے کی حمایت کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ بائیس اکتوبر دو ہزار انیس کو کوئٹہ پریس کلب کے سامنے نواز عطا، راشد حسین اور دیگر لاپتہ افراد کی بازیابی کے لئے مظاہره کیا جائے گا جبکہ 28 اکتوبر کو نواز عطا کی جبری گمشدگی کو دو سال مکمل ہونے پر سوشل میڈیا میں ReleaseNawazAtta# کمپین چلائی جائے گی اور اسی دن کوئٹہ پریس کلب میں ایک پریس کانفرنس کیا جائے گا۔