اس میں شک نہیں کہ ملک میں کنٹرولڈ جمہوریت نافذ ہے – ڈاکٹر مالک بلوچ

147

اس ملک کو فلاحی کی بجائے سیکورٹی اسٹیٹ کے طورپر 7دہائیوں سے چلایا جارہا ہے، نواب ثناء اللہ زہری کا ساتھ دینے کی سزا نیشنل پارٹی کودی جارہی ہے، ہماری کوئی کاروبار نہیں لیکن نیب ہمارے گمنام اثاثے ڈھونڈ رہی ہے – ڈاکٹر مالک بلوچ

نیشنل پارٹی(این پی) کے نومنتخب صدرڈاکٹرعبدالمالک بلوچ نے کہاہے کہ ہم نیشنل عوامی پارٹی(نیپ) کی پالیسیوں پر کاربندرہتے ہوئے جدوجہد کررہے ہیں ،میرغوث بخش بزنجو کے مشن کو پایہ تکمیل تک پہنچانے کیلئے کوشاں ہے چاہے کچھ بھی ہوکسی صورت دوسروں کا بیانیہ نہیں اپنائیں گے،وزیراعلیٰ ہاؤس سے نکلنے کے بعد میں کروڑوں کے بنگلے میں نہیں بلکہ اپنے سالے کے گھر گیا تھا ،نیشنل پارٹی کے قائدین کوئٹہ میں اپنا گھرتک نہیں رکھتے جبکہ نیب نے ہماری گم نام جائیدادیں ڈھونڈناشروع کردی ہے ۔ان خیالات کااظہار انہوں نے نومنتخب مرکزی وصوبائی کابینہ ،مرکزی کمیٹی ودیگر کی تقریب حلف برداری سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

ڈاکٹرعبدالمالک بلوچ کاکہناتھاکہ ہم ملک میں جمہوریت اور جمہوری اداروں کا استحکام اور بالادستی چاہتے ہیں بدقسمتی سے اس ملک کو فلاحی کی بجائے سیکورٹی اسٹیٹ کے طورپر 7دہائیوں سے چلایاجارہاہے ،ہمسایہ ممالک کے ساتھ تعلقات بہتر بنا کر ترقی کی راہ پرگامزن ہوسکتے ہیں بلکہ اسلحہ اور جدید میزائل سسٹم پر خرچ ہونے والے فنڈز بھی عوام کی فلاح وبہبود کیلئے استعمال کئے جاسکتے ہیں۔ اس میں شک نہیں کہ ملک میں کنٹرولڈ جمہوریت نافذ ہے ہمیں ایسے میں مظلوموں اور محکوموں کیلئے اٹھ کھڑاہوناہوگا۔

انہوں نے کہاکہ سابق نواب ثناء اللہ زہری کا ساتھ دینے کی نیشنل پارٹی کو سزا دی جارہی ہے اُس وقت تحریک عدم اعتماد کو کامیاب بنانے اور ہمیں دوبارہ جتوانے کی آفر کی گئی مگر ہم آخری دم تک اپنے موقف اور اتحاد پر قائم رہے اسی لئے اب ہمیں ٹارگٹ کیاجارہاہے ۔ ہماری کوئی کاروبار نہیں لیکن نیب ہمارے گمنام اثاثے ڈھونڈ رہی ہے، میں جب وزیراعلیٰ ہاؤس سے نکلا تو اپنے سالے کے گھر گیاتھا کسی بنگلے میں نہیں۔

انہوں نے کہاکہ نیشنل پارٹی کے قائدین کو گرفتار کرنے کی خواہش رکھنے والے ایسا کرکے اپنی خواہش پوری کرے۔ ہم نیشنل عوامی پارٹی(نیپ) کی پالیسیوں پر کاربندرہتے ہوئے جدوجہد کررہے ہیں ، میرغوث بخش بزنجو کے مشن کو پایہ تکمیل تک پہنچانے کیلئے کوشاں ہے چاہے کچھ بھی ہوکسی صورت دوسروں کا بیانیہ نہیں اپنائیں گے۔

اس موقع پر نیشنل پارٹی کے سابق صدر وسینیٹر میر حاصل بزنجو ودیگر نے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ نیشنل پارٹی کی جمہوریت اور جمہوری اداروں کے استحکام کیلئے جدوجہد جاری رہے گی ہم 1973ء کی آئین کو بدلنے دیں گے اور نہ ہی 18ویں ترمیم کے خاتمے کی کسی کی خواہش پوری کرنے دی جائیگی ۔

انہوں نے کہاکہ انتخابات میں ہمیں ہرانے سے نقصان نہیں ہوا بلکہ پارٹی مزید مستحکم ہوئی ہے۔ نیب سیاست کرنے اور پگڑیاں اچھالنے سے باز رہے ورنہ کارکن میدان عمل میں نکلیں توبہتر نہ ہوگا ۔

انہوں نے کہاکہ نیب کو سیاسی جماعتوں کو دیوار سے لگانے کیلئے استعمال کیاجارہاہے ہم آزاد عدلیہ اور میڈیا کیلئے بھی جدوجہد جاری رکھیں گے۔

قبل ازیں نیشنل پارٹی کے سابق صدر وسینیٹر میر حاصل بزنجو نے نومنتخب عہدیداران سے حلف لیا۔