بلوچستان: مختلف حادثات میں 1 شخص جانبحق، 17 زخمی

343

حادثات نوشکی، خاران اور رکھنی میں پیش آئے۔

دی بلوچستان پوسٹ نیوز ڈیسک کو موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق بلوچستان کے اضلاع نوشکی، خاران اور رکھنی میں پیش آنے والے حادثات میں مجموعی طور پر 1 شخص جانبحق اور 17 افراد زخمی ہوئے۔

تفصیلات کے مطابق ضلع نوشکی میں مل محمد خان کے مقام پر روڈ حادثے میں سات سالہ بچی سمیت تین افراد شدید زخمی ہوگئے۔

زخمیوں کو نوشکی سول اسپتال میں طبی امداد دینے کے بعد کوئٹہ منتقل کردیا گیا۔

دریں اثناء نوشکی میں دو متحارب گروہوں میں جھگڑے کے نتیجے میں کلی جمالدینی کا رہائشی نوجوان شدید زخمی ہوگیا جسے ہسپتال منتقل کردیا گیا، تاہم لڑائی کی وجوہات معلوم نہیں ہوسکی۔

ایک اور واقعے میں ضلع خاران میں پیش آنے والے روڈ حادثے میں 9 افراد زخمی ہوگئے۔

اطلاعات کے مطابق تربت سے خاران جانے والے کوچ کو سورانی کے مقام پر حادثہ پیش آیا جبکہ حادثے میں زخمی ہونے والوں کا تعلق تربت سے بتایا جاتا ہے جنہیں ہسپتال منتقل کردیا گیا۔

خاران کے علاقے پتکن میں پیش آنے والے ایک اور حادثے میں موٹر سائیکل سوار جمعہ خان ولد محمد کریم بادینی ساکن غریب آباد نوشکی جانبحق ہوگیا۔

رکھنی میں پیش آنے والے ایک اور ٹریفک حادثے میں بچوں سمیت چار افراد زخمی ہوگئے۔

ذرائع کے مطابق رکھنی میں چھپر موڑ پر پیش آنے والے حادثے میں زخمیوں میں تین بچے شامل ہیں۔