افغانستان : طالبان کے حملے امریکی فوجی ہلاک

116

افغانستان میں ایک حملے کے دوران امریکی فوجی اہلکار ہلاک اور دوسرا زخمی ہو گیا۔ امریکی حکام کےمطابق فائرنگ بظاہر افغان فورسز کی وردی میں ملبوس شخص کی جانب سے کی گئی۔

نیٹو حکام کی جانب سے جاری بیان کےمطابق واقعہ مشرقی افغانستان میں پیش آیا، جس میں ایک فوجی ہلاک اور دوسرا زخمی ہو گیا۔ فائرنگ سے زخمی اہلکار کی حالت تسلی بخش بتائی جا رہی ہے جبکہ واقعہ کی مزید تفتیش شروع کردی گئی ہے۔

غیر ملکی میڈیا کے مطابق امریکی فوجی اہلکار کی ہلاکت سے متعلق صدر ٹرمپ کو بھی آگا ہ کر دیا گیا ہے۔ افغانستان میں رواں سال اب تک6  امریکی فوجی ہلاک ہوچکے ہیں۔

دریں اثناء ایک حالیہ رپورٹ میں کہا گیا کہ افغانستان  کے کئی صوبائی دارالحکومتوں کو طالبان شدت پسندوں سے ’شدید خطرات‘ لاحق ہیں۔

ڈی پی اے نے سفارتی ذرائع کے حوالے سے بتایا ہے کہ طالبان باغی فریاب، غور، غزنی اور پکتیا صوبوں کے دارالحکومتوں پر قبضہ کر سکتے ہیں۔ ان صوبوں میں طالبان عسکریت پسند کئی شہروں میں سکیورٹی فورسز کے ساتھ متصادم ہیں۔

حالیہ کچھ عرصے میں یہ جنگجو حکومتی فورسز کے خلاف اپنی کارروائیوں میں تیزی لے آئیں گے۔