بلوچستان کی عالمی اہمیت ہے ، اسے صوبے کے طور پر نہ دیکھا جائے – جام کمال

207

وزیراعلی بلوچستان جام کمال خان نے کہا ہے کہ بلوچستان عوامی پارٹی مختصر مدت میں ایک بڑی سیاسی جماعت بن کر سامنے آئی ہے،بلوچستان  میں ہم سب سے بڑی جماعت ہیں جبکہ سینٹ اور قومی اسمبلی میں بھی قابل ذکر نمائندگی رکھتے ہیں اور صدارتی انتخاب میں ہماری جماعت اہم کردار اداکرے گی۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے پی ٹی آئی کے صدارتی امیدوار ڈاکٹر عارف علوی کی قیادت میں ملاقات کرنے والے پی ٹی آئی کے رہنماؤں کے وفد سے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔

وزیراعلیٰ نے کہا کہ ماضی میں بلوچستان کو ہمیشہ نمبر گیم کے تناظر میں دیکھا گیا جو بلوچستان کی پسماندگی کی ایک بڑی وجہ بھی ہے بلوچستان کو صرف ایک صوبے کے طور پر نہ دیکھا جائے اس خطے کی بین الاقوامی اہمیت ہے یہاں کے قدرتی وسائل گوادر پورٹ اور سی پیک منصوبے کے باعث اس وقت دنیا بھر کی نظریں بلوچستان پر مرکوز ہیں اور بعض عالمی طاقتیں یہاں عدم استحکام پیدا کرنا چاہتی ہیں جس کے لئے یہاں کے لوگوں کو استعمال کرنے کی کوشش کی جاتی ہے۔