شام : اسرائیلی طیاروں کی بمباری سے 12 ایرانی فوجی ہلاک

286

ایران کے سرکاری ذرائع ابلاغ نے بتایا ہے کہ گذشتہ روز شام کے دارالحکومت دمشق کے قریب فوجی تنصیبات پر مبینہ طور پر اسرائیلی طیاروں سے کیے گئے حملے میں کم سے کم 12 ایرانی بھی ہلاک ہوئے ہیں۔

ایرانی ٹی وی چینلوں کی جانب سے ’ٰٹیلی گرام‘ پر پوسٹ ایک خبر میں بتایا ہے کہ ’مدافعین حرم‘ کے 12 عناصر شام میں قائم ایک فوجی اڈے پر اسرائیلی حملے میں مارے گئے۔ ذرائع ابلاغ نے مرنے والوں کی شناخت حسین توکلی، عبدالخالق حسنی، نجیب اللہ کاظمی، رجب علی یاوری، محمد براتی، سرور عظیمی، احمد طاہر عظیمی، مہدی امیری، عارف رضائی، علی شریفی، علی اصغر مقصودی اور محمد حسین رضوی کے ناموں سے کی ہے۔

ادھر شام نے سرکاری ٹی وی کے مطابق عسکری تنصیبات کو زمین سے زمین تک مار کرنے والے میزائلوں سے نشانہ بنایا گیا اور اس سے نقصان بھی ہوا ہے جبکہ دو میزائلوں کو دوران پراوز ہی نشانہ بنا دیا گیا ہے۔

دوسری جانب اسرائیل کی فوج کی جانب تاحال اس حملے کی تصدیق نہیں کی گئی ہے۔

اس سے قبل سیئریئن اوبزرویٹری فار ہیومن رائٹس نے دمشق کے مضافات میں دھماکے کی اطلاع دی تھی اور کہا تھا کہ یہ حملہ مبینہ طور پر اسرائیلی میزائلوں سے کیا گیا ہے۔

گو کہ اس حملے میں ہونے والے نقصان کی تفصیلات سامنے نہیں آئیں ہیں لیکن ٹی وی پر نشر ہونے والی اطلاعات کے مطابق حملے میں عسکری اڈے پر ’مالی نقصانات‘ ہوئے ہیں۔

سیئریئن اوبزرویٹری فار ہیومن رائٹس کے مطابق حملے کے بعد دمشق کے مضافاتی علاقے میں بجلی کی ترسیل معطل ہو گئی تھی۔

اس حملے کا ہدف تاحال غیر واضح ہے لیکن اسرائیل نے اس سے پہلے بھی عسکری اڈے کو نشانہ بنایا ہے تاکہ لبنان کی تنظیم حزب اللہ کو اسلحے کی سپلائی روکی جا سکے۔

اس حملے میں اسرائیل نے دمشق کے بین الاقوامی ہوائی اڈے کے قریب واقع فوجی اڈے کو نشانہ بنایا تھا، جس سے فیول ٹینک اور گودام کو نقصان پہنچا تھا۔

تاہم حکومت مخالف باغیوں کے ذرائع کا کہنا تھا کہ اسرائیلی میزائل حملے میں اس فوجی اڈے میں واقع حزب اللہ کا اسلحہ ڈپو تباہ ہوا ہے۔

سیئریئن اوبزرویٹری فار ہیومن رائٹس کے مطابق یہ حملہ دمشق کے جنوب کی جانب چند میل کے فاصلے پر ہوا ہے۔

قبل ازیں ایرانی ٹی وی چینل ’العالم‘ نے اپنی رپورٹ میں بتایا تھا کہ اسرائیلی جنگی طیاروں نے لبنان کی فضائی حدود سے گزر کر شام میں حملہ کیا ہے۔ اسرائیلی فوجی طیاروں نے دمشق کے قریب صحنایا اور الکسوۃ کے مقام پر قائم فوجی تنصیبات پر بم باری کی۔