امریکہ نے 15 سالوں میں پاکستان کو 33 ارب ڈالر بطور امداد دے کر بےوقوفی کی:ٹرمپ

268

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا کہنا ہے کہ گذشتہ ڈیڑھ دہائی میں اربوں ڈالر کی امداد لینے کے باوجود پاکستان نے امریکہ کو سوائے جھوٹ اور دھوکے کے کچھ نہیں دیا ہے۔

انھوں نے یہ بات نئے سال کے آغاز پر ٹویٹر پر اپنے ایک پیغام میں کہی ہے۔

امریکی صدر نے کہا ہے کہ ‘امریکہ نے 15 سالوں میں پاکستان کو 33 ارب ڈالر بطور امداد دے کر بےوقوفی کی۔ انھوں نے ہمیں سوائے جھوٹ اور دھوکے کے کچھ نہیں دیا ۔’

صدر ٹرمپ کا یہ بھی کہنا تھا کہ ‘وہ ہمارے رہنماؤں کو بےوقوف سمجھتے رہے ہیں۔ وہ ان دہشت گردوں کو محفوظ پناہ گاہیں فراہم کرتے ہیں جن کا ہم افغانستان میں ان کی نہ ہونے کے برابر مدد سے تعاقب کر رہے ہیں۔اب ایسا نہیں چلے گا۔’

حال ہی میں امریکی صدر کی جانب سے وضع کی جانے والی قومی سلامتی کی حکمت عملی میں بھی کہا گیا تھا کہ ’ہم پاکستان پر اس کی دہشت گردی کے خاتمے کے لیے جاری کوششوں میں تیزی لانے کے لیے دباؤ ڈالیں گے، کیونکہ کسی بھی ملک کی شدت پسندوں اور دہشت گردوں کے لیے حمایت کے بعد کوئی بھی شراکت باقی نہیں رہ سکتی ہے۔‘

امریکہ کی جانب سے مزید کہا گیا ہے کہ’پاکستان کے اندر سے کام کرنے والے شدت پسندوں اور دہشت گردوں سے امریکہ کو مسلسل خطرات لاحق ہیں۔‘

اس پالیسی کے سامنے آنے کے بعد امریکہ کے نائب صدر مائیک پینس نے دورہ افغانستان کے موقعے پر پاکستان سے ایک بار پھر کہا تھا کہ وہ افغانستان کی حکومت کے خلاف لڑنے والے گروہوں کو محفوظ پناہ گاہیں فراہم نہ کرے۔

ان کا کہنا تھا کہ ’پاکستان نے ایک لمبے عرصے تک طالبان اور متعدد دہشت گرد تنظیموں کو محفوظ پناہ گاہیں فراہم کی ہیں تاہم اب وہ دن گزر چکے ہیں۔‘

تاہم امریکی نائب صدر کے اس بیان پر پاکستان کی جانب سے سخت رد عمل سامنے آیا تھا جس میں کہا گیا تھا کہ یہ بیان امریکی انتظامیہ کے ساتھ ہونے والے تفصیلی مذاکرات کے منافی ہے اور یہ کہ اتحادی ایک دوسرے کو تنبیہ جاری نہیں کیا کرتے۔