کوہلو میں پینے کے پانی کا بحران، شہریوں نے احتجاجاں شاہراہ بند کردیا

0

پی ایچ ای اور ضلعی انتظامیہ پر غفلت کا الزام، پانی کی فراہمی اور ترقیاتی منصوبوں کی منصفانہ تقسیم کا مطالبہ

تفصیلات کے مطابق بلوچستان کے ضلع کوہلو میں پینے کے پانی کے بحران کے خلاف مقامی شہریوں نے احتجاج کرتے ہوئے کوہلو، سبی شاہراہ کو ہر قسم کی آمدورفت کے لیے بند کردیا، احتجاج میں میر ہزار وڈھ سمیت مختلف علاقوں کے مکینوں نے شرکت کی۔

مظاہرین کا کہنا تھا کہ علاقے میں پینے کے صاف پانی کی شدید قلت ہے، جس کے باعث شہری بنیادی ضرورت پوری کرنے کے لیے مشکلات کا سامنا کر رہے ہیں، جبکہ متعلقہ محکمہ پبلک ہیلتھ انجینئرنگ (پی ایچ ای) اور ضلعی انتظامیہ مسئلے کے حل کے لیے مؤثر اقدامات کرنے میں ناکام رہی ہے۔

مظاہرین کے مطابق احتجاج سے قبل متعدد بار پی ایچ ای حکام اور دیگر متعلقہ اداروں کو پانی کے بحران سے آگاہ کیا گیا، تاہم کوئی عملی پیش رفت نہ ہونے کے باعث وہ احتجاج پر مجبور ہوئے۔

احتجاج کرنے والوں نے الزام عائد کیا کہ بلوچستان سسٹین ایبل ڈیولپمنٹ انیشی ایٹو کے تحت منظور ہونے والی متعدد واٹر بور اور دیگر ترقیاتی اسکیمیں عوامی مفاد کے بجائے محدود افراد تک پہنچائی گئی ہیں، جس کے باعث علاقے میں احساسِ محرومی اور بنیادی مسائل میں مزید اضافہ ہوا ہے۔

مظاہرین نے مطالبہ کیا کہ پانی کے بحران کا فوری نوٹس لیتے ہوئے متاثرہ علاقوں میں پینے کے پانی کی فراہمی یقینی بنائی جائے، جبکہ ترقیاتی منصوبوں کی شفاف اور منصفانہ تقسیم کو بھی یقینی بنایا جائے۔