بلوچستان کے اضلاع خضدار اور کیچ میں آج مختلف واقعات کی اطلاعات سامنے آئی ہیں۔ خضدار کے علاقے زیدی میں ڈیتھ اسکواڈ سے منسلک اہلکاروں کو حملے میں نشانہ بنایا گیا، جس میں کم از کم پانچ افراد کی ہلاکت کی اطلاعات ہیں۔
دوسری جانب کیچ کے علاقوں گیبن اور کلاتک میں پاکستانی فورسز کی زمینی اور فضائی کارروائیوں کی اطلاعات موصول ہوئی ہیں، جہاں صبح سے شدید دھماکوں کی آوازیں سنی جانے کا دعویٰ کیا جا رہا ہے۔
ذرائع کے مطابق خضدار زیدی میں فورسز کے دس سے زائد گاڑیوں پر مشتمل ایک قافلے کو بھی الگ واقعے میں نشانہ بنایا گیا، جس کے نتیجے میں دو گاڑیوں کو براہ راست نقصان پہنچنے اور جانی نقصانات کی اطلاعات ہیں۔
ادھر کیچ کے علاقوں گیبن اور کلاتک میں مقامی ذرائع کا کہنا ہے کہ گزشتہ رات سے بڑی تعداد میں پاکستانی فوج علاقے کی جانب پیش قدمی کر رہی ہے، جبکہ فورسز کے لیے خوراک، پانی اور دیگر ضروری سامان گاڑیوں کے ذریعے پہنچایا جا رہا ہے۔
ان واقعات کے حوالے سے سرکاری حکام کی جانب سے تاحال کوئی باضابطہ بیان سامنے نہیں آیا ہے۔
















































