بلوچستان، کراچی: پاکستانی فورسز کے ہاتھوں جبری لاپتہ 6 افراد بازیاب

1

بلوچستان کے مختلف علاقوں اور کراچی سے جبری طور پر لاپتہ کیے گئے مزید 6 افراد کی بازیابی کی اطلاعات سامنے آئی ہیں، جنہیں مختلف اوقات میں حراست میں لینے کے بعد رہا کیا گیا۔

تفصیلات کے مطابق خضدار کے علاقے نال سے تعلق رکھنے والے لیاقت علی ولد جمعہ خان کو 3 مارچ 2026 کو جبری طور پر لاپتہ کیا گیا تھا، جنہیں ایک ماہ بعد 4 اپریل 2026 کو نال ہی میں رہا کر دیا گیا۔

اسی طرح کیچ کے علاقے گوکدان تربت سے اکرم ولد حاجی عیسیٰ کو 18 اپریل 2026 کو حراست میں لینے کے بعد لاپتہ کیا گیا، جنہیں 29 اپریل 2026 کو ڈی بلوچ تربت میں رہا کیا گیا۔

خضدار کے علاقے سرداری نال کے رہائشی عبدالستار ولد جان محمد کو 29 اکتوبر 2025 کو جبری طور پر لاپتہ کیا گیا تھا، جو طویل عرصہ بعد 30 اپریل 2026 کو نال خضدار میں بازیاب ہوئے۔

کراچی کے علاقے ماڑی پور سے تعلق رکھنے والے سیلان بلوچ ولد صابر کو 23 مئی 2025 کو لاپتہ کیا گیا تھا، جنہیں تقریباً ایک سال بعد 1 مئی 2026 کو ٹاور صدر کراچی میں رہا کیا گیا۔

نوشکی سے تعلق رکھنے والے دو افراد بلال ولد عبدالحق اور محمد عابد ولد نور محمد کو بالترتیب 9 اور 10 اپریل 2026 کو جبری طور پر لاپتہ کیا گیا تھا، جنہیں 29 اپریل 2026 کو نوشکی میں رہا کر دیا گیا۔