گوادر: پاکستانی فورسز کی فائرنگ متعدد مزدور جاں بحق

0

بلوچستان کے ساحلی علاقے جیونی میں کنٹانی کے مقام پر پاکستانی فورسز کی فائرنگ کے ایک واقعے میں متعدد مزدوروں کے جاں بحق اور متعدد افراد کے زخمی ہونے کی اطلاعات موصول ہوئی ہیں۔

مقامی ذرائع کے مطابق واقعہ اُس وقت پیش آیا جب مزدور معمول کے مطابق اپنے کام میں مصروف تھے۔ عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ اچانک فائرنگ شروع ہوئی جس کے باعث علاقے میں شدید خوف و ہراس پھیل گیا اور لوگ جان بچانے کے لیے محفوظ مقامات کی جانب بھاگنے لگے۔

علاقائی ذرائع کا دعویٰ ہے کہ فائرنگ پاکستان کوسٹ گارڈز کی جانب سے کی گئی، تاہم حکام کی طرف سے اس حوالے سے تاحال کوئی باضابطہ مؤقف سامنے نہیں آیا۔ سرکاری سطح پر نہ تو ہلاکتوں کی تصدیق کی گئی ہے اور نہ ہی واقعے کی مکمل تفصیلات جاری کی گئی ہیں۔

ذرائع کے مطابق زخمی ہونے والے افراد کو فوری طور پر قریبی اسپتالوں میں منتقل کیا گیا جہاں بعض زخمیوں کی حالت تشویشناک بتائی جا رہی ہے۔

مقامی اسپتالوں میں ایمرجنسی نافذ کیے جانے کی اطلاعات بھی سامنے آئی ہیں جبکہ جانی نقصان میں اضافے کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔