جبری گمشدگیوں کے خلاف وی بی ایم پی کا احتجاجی کیمپ 6153ویں روز بھی جاری

4

جبری گمشدگیوں کے خلاف وائس فار بلوچ مسنگ پرسنز کے زیرِ اہتمام کوئٹہ پریس کلب کے سامنے قائم احتجاجی کیمپ تنظیم کی ایگزیکٹو کمیٹی کے رکن نیاز محمد کی سربراہی میں 6153ویں روز بھی جاری رہا۔

اس موقع پر کامریڈ منظور احمد بلوچ اور خدائے رحیم سمیت دیگر افراد نے احتجاجی کیمپ کا دورہ کیا اور جبری گمشدگیوں کے خلاف اپنا احتجاج ریکارڈ کراتے ہوئے لاپتہ افراد کی فوری بازیابی کا مطالبہ کیا۔

نیاز بلوچ نے کہا کہ وی بی ایم پی کے پلیٹ فارم سے جاری طویل اور پرامن جدوجہد انسانیت کی بقا کے لیے ہے۔ انہوں نے کہا کہ کسی بھی فرد کو ماورائے آئین و قانون جبری طور پر لاپتہ رکھنا، اہلِ خانہ کو معلومات فراہم نہ کرنا اور انہیں قانونی حقوق سے محروم رکھنا نہ صرف قوانین کی خلاف ورزی ہے بلکہ انسانیت کے خلاف جرم بھی ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ تنظیم ان اقدامات کی شدید مذمت کرتی ہے اور مطالبہ کرتی ہے کہ جبری گمشدگیوں کا خاتمہ کیا جائے اور لاپتہ افراد کی بازیابی کو یقینی بنایا جائے۔ وی بی ایم پی کی پرامن اور آئینی جدوجہد بلوچ کی بقا اور انسانی وقار کے لیے جاری رہے گی۔