بلوچستان کے علاقے جھل مگسی اور زامران میں پاکستانی فورسز کی چوکی کو قبضے میں لینے اور راشن گاڑیوں کو نذرآتش کرنے کے واقعات رپورٹ ہوئے ہیں۔
جھل مگسی میں لیویز فورس کی شوران چوکی کو مسلح افراد نے کنٹرول میں لیا۔ اطلاعات کے مطابق مسلح افراد نے چوکی میں موجود اہلکار کا اسلحہ اور موٹر سائیکل بھی اپنی تحویل میں لیا۔
دریں اثناء زامران میں کنردان، نوانو میں مسلح افراد نے پاکستانی فورسز کیلئے راشن لیجانے والی دو گاڑیوں کو راشن سمیت تحویل میں لینے کے بعد نذرآتش کردیا ہے۔
ان حملوں کی ذمہ داری تاحال کسی نے قبول نہیں کی ہے تاہم گذشتہ دنوں جھل مگسی میں لیویز فورس کی دو مختلف چوکیوں پر کنٹرول حاصل کرنے اور خاران و پنجگور میں فورسز کی رسد گاڑیوں کو تحویل میں لینے و نذرآتش کرنے کے واقعات کی ذمہ داری بلوچ لبریشن آرمی نے قبول کی تھی۔
حکام نے دونوں واقعات کے حوالے سے تاحال کوئی تفصیلات فراہم نہیں کی ہے۔


















































