قلات اور پنجگور میں پاکستانی فورسز پر راکٹ و دیگر حملے

430

بلوچستان کے ضلع قلات اور پنجگور میں ہونے والے حملوں میں پاکستانی فوج کے کیمپ اور پوسٹ کو راکٹ و دیگر حملوں میں نشانہ بنایا گیا ہے۔ حملوں کے نتیجے میں فورسز کو نقصانات اٹھانے کی اطلاعات ہیں۔

گذشتہ رات قلات کے علاقے جوہان میں قائم پاکستان فوج کے مرکزی کیمپ کی چوکیوں کو نامعلوم افراد نے مسلح حملے میں نشانہ بنایا۔ حملے کے وقت دھماکوں اور فائرنگ کی آواز سنی گئی۔

ضلع پنجگور میں رخشان ندی کے مقام پر فورسز کے پوسٹ پر نامعلوم افراد نے گذشتہ رات ایک بجے کے قریب راکٹ فائر کیا جو زور دھماکے سے پھٹ گیا جبکہ دھماکے کے ساتھ ہی شدید فائرنگ کی آواز سنی گئی۔

حکام نے حملوں کے نتیجے میں نقصانات کے حوالے سے تاحال کوئی موقف پیش نہیں کیا ہے۔

بلوچستان میں تسلسل کیساتھ پاکستانی فورسز کو حملوں میں نشانہ بنایا جارہا ہے۔ حملوں میں اکثریت کی ذمہ داری بلوچ مسلح آزادی پسند تنظیمیں قبول کرتی ہے۔

گذشتہ روز بولان کے علاقے مارگٹ میں ایک بم دھماکے میں پاکستانی فوج کی رسد گاڑی کو نشانہ بنایا گیا۔ حملے کی ذمہ داری بلوچ لبریشن آرمی نے قبول کی۔ قبل ازیں بلوچ لبریشن آرمی نے تمپ، زامران اور مستونگ میں پاکستانی فورسز پر تین مختلف حملوں کی ذمہ داری قبول کی تھی۔