کوئٹہ: مہنگائی، بیروزگاری اور سرکاری ملازمین کی حق تلفیوں کیخلاف احتجاجی ریلی

198

مہنگائی، بیروزگاری، خوردنی اشیائ، بجلی، گیس، ایل پی جی کی قیمتوں میں بے تحاشہ اضافے، بلا جواز ٹیکس لگانے اورملازمین و مزدوروں کے مسائل حل نہ ہونے، دوران سروس فوت ملازمین کے حقیقی ورثا کی بھرتیوں کا عمل شروع نہ کرنے، بیس تا تیس سال سے تعینات ملازمین کی اپ گریڈیشن نہ ہونے، محکمہ کیو ڈی اے کے مزدور رہنماﺅں کو جدوجہد کی پاداش میں ملازمتوں سے برخاست کرنے اور آئی ایم کی غلامی نامنظور، امریکی سامراج مردہ باد احتجاجی ریلی بلوچستان لیبر فیڈریشن کے مرکزی صدر خان زمان کی قیادت میں کوئٹہ میٹروپولیٹن کاڑپوریشن کے سبزہ زار سے نکالی گئی۔

سینکڑوں مزدور و ملازمین ٹیکسی سٹینڈ ریگل چوک جناح روڈ منان چوک شارع اقبال سے ہوتے ہوئے پریس کلب پہنچی۔

جلوس کے تمام راستے ملازمین نے مہنگائی، بیروزگاری، آٹے چینی دالوں پٹرول، ادویات کی قیمتوں میں اضافے، حکومت کے جاتے جاتے وزرا کی جانب سے فنڈز اور لواحقین کی پوسٹوں پر قبضے کیخلاف شدید نعرے لگائے ۔

احتجاجی ریلی میں فیڈریشن قائدین قاسم خان، حاجی عبدالعزیز شاہوانی، عبدالمعروف آزاد، محمد عمر جتک، عابد بٹ، عارف خان نچاری، ملک وحید کاسی، فضل محمد یوسفزئی، ظفر خان رند، حاجی سیف اللہ ترین، نصیر احمد رند، غلام مصطفی کرد، مشتاق احمد موندرہ، کریم بلوچ، نجیب اللہ مری، کامریڈ نظر مینگل سمیت مختلف محکموں کے ملازمین و مزدور شریک تھے ۔

پریس کلب کے باہرملازمین و مزدوروں نے اپنے مطالبات کی حمایت میں شدید نعرے بازی کی۔ مظاہرین سے خطاب کرتے ہوئے بلوچستان لیبر فیڈریشن کے صدر خان زمان نے کہا کہ ملک کے حکمرانوں اور حکومتوں نے آئی ایم ایف کے سامنے ہتھیار ڈال دیے ہیں تیل پٹرول بجلی گیس کے ساتھ اب خوردنی اشیاءکے ریٹ بھی آئی ایم ایف کے کہنے پر مقررکئے جارہے ہیں۔

بلوچستان کے تمام ادارے مفلوج ہیں ملازمین کے مسائل حل نہیں ہورہے وزرا کو صرف اپنے ہدف غیر قانونی بھرتیوں کی فکر لگی ہے محکمہ ایریگیشن سمیت تمام اداروں میں غیر قانونی بھرتیاں منسوخ تصور ہوں گی۔

رہنماﺅں نے کہا کہ تیس سے اپ گریڈیشن کی منتظر پوسٹوں کیلئے دیگر صوبوں کی طرز پر قانون سازی کی جائے۔

رہنماﺅں نے کیو ڈی اے انتظامیہ کی جانب سے جدو جہد کرنے والے ملازمین کو برخاستگی کا نوٹس جاری کرنے کی شدید مذمت کرتے ہوکہا کہ مزدور رہنما ملک وحید نصیب اللہ تنہا نہیں بلوچستان لیبرفیڈریشن کیو ڈی اے ملازمین کے ساتھ ہے اور انکے حقوق تسلیم کرائے گی۔

رہنماﺅں نے کہا کہ کوئٹہ سمیت بلوچستان بھر میں ملازمین کے حقوق کیلئے بھر جدوجہد جاری رکھی جائے گی ۔