سوڈان: مسلح جھڑپوں میں اموات کی تعداد 528 تک پہنچ گئی

179

جھڑپوں سے 12 صوبے متاثر ہو رہے ہیں اور 18 صوبوں کے ہسپتالوں سے 528 لاشوں اور 4 ہزار 599 زخمیوں کی رپورٹ ملی ہے: سوڈان وزارت صحت

سوڈان میں فوج اور پیرا ملٹری فورسز کے درمیان اپریل کے وسط سے جاری جھڑپوں کے نتیجے میں جانی نقصان کی تعداد 528 تک پہنچ گئی ہے۔

سوڈان وزارت صحت کے جاری کردہ بیان کے مطابق جھڑپوں سے 12 صوبے متاثر ہو رہے ہیں اور 18 صوبوں کے ہسپتالوں سے 528 لاشوں اور 4 ہزار 599 زخمیوں کی رپورٹ ملی ہے۔

ملک میں 5 ویں دفعہ اعلان کی گئی فائر بندی کے دوسرے دن بھی جھڑپیں جاری رہیں۔

دارالحکومت خرطوم میں صدارتی پیلس اور فوجی ہیڈ کوارٹر کے اطراف میں جھڑپیں شدت کے ساتھ جاری ہیں علاوہ ازیں جنوبی محلّوں میں بھی فائر بندی کی خلاف ورزی کی جا رہی ہے۔

خرطوم کے متعدد محلّوں سے دھوئیں کے بادل اٹھ رہے ہیں اور جھڑپوں کی آوازیں سنی جا رہی ہیں۔

اس دوران پیرا ملٹری فورسز نے اُم درمان میں فوج کا مِگ طیارے گرانے کا بھی دعوی کیا ہے۔

علاقے میں جھڑپیں کل صبح کے وقت شروع ہوئیں اور شام تک جاری رہیں۔

سوڈانی فریقین نے امریکہ کی، 28 اپریل سے 72 گھنٹوں کی، فائر بندی اپیل پر عمل کرنے کا اعلان کیا تھا۔

واضح رہے کہ حالیہ چند مہیوں کے دوران “پیرا ملٹری فورسز کو مکمل طور پر فوج میں ضم کرنے” پر مبنی عسکری اصلاحات کی وجہ سے فوج اور پیرا ملٹری دستوں کے درمیان عدم مفاہمت جاری تھی ۔

یہ عدم مفاہمت 15 اپریل کو خرطوم اور دیگر شہروں میں مسلح افواج اور پیرا ملٹری فورسز کے درمیان مسلح جھڑپوں میں تبدیل ہو گئی تھی ۔