بلوچستان مشرف رجیم کی لگائی آگ میں تاحال جل رہا ہے۔ ڈاکٹر مالک بلوچ

208

نیشنل پارٹی کے مرکزی صدر سابق وزیراعلیٰ بلوچستان ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ نے بالگتر تربت میں علاقائی عمائدین اور پارٹی کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بلوچستان مشرف رجیم کی لگائی آگ میں تاحال جل رہا ہے، سینکڑوں نوجوان اس آگ میں جل کر راکھ ہوگئے ہیں لیکن پاکستان کے حکمرانوں کو تاحال اس کا ادراک نہیں۔ ملک اس وقت شدید معاشی و سیاسی عدم استحکام کا شکار ہے بین الاقوامی مالیاتی اداروں کے شرائط نے بے روزگاری و مہنگائی میں بے تحاشا اضافہ کردیا ہے، ملک کی صنعتیں بند ہونے کو ہیں، ایکسپورٹ رک چکا ہے، تیل خریدنے کے لیے ہمارے پاس زرمبادلہ کے ذخائر تاریخ کے کم ترین مقام پر ہیں لیکن تاحال ریاست کو مسائل کی سنگینی کا ادراک نہیں ہے۔ سیاسی انجینئرنگ سے ٹیسٹ ٹیوب سیاست دان پیدا کرنے سے باز آنے کو تیار نہیں۔

انہوں نے کہا کہ سیاسی انجینئرنگ اور ٹیسٹ ٹیوب تجربات نے بلوچستان کے مسائل اور حالات کو سنگین تر بنا دیا ہے۔ اگر اب بھی حکمران طبقے کو ہوش نہیں آیا اور جمہوری و پارلیمانی سیاست کرنے والوں کا اعتماد جمہوریت اور انتخابی عمل سے اٹھ گیا تو اس کے مستقبل کی سیاست پر انتہائی بھیانک اثرات مرتب ہوسکتے ہیں۔

انہوں نے بالگتر، کولواہ اور کیل کور کے عوام کو یقین دلایا کہ نیشنل پارٹی نے پہلے بھی بنیادی ضروریات کو پورا کرنے کے لیے اپنا قومی کردار ادا کیا ہے اور 2023ءکے انتخابات میں کامیابی حاصل کرنے کے بعد علاقے کے مسائل کو حل کرنے میں اپنا کردار بھرپور انداز میں ادا کریں گے۔