سیندک کے مکین 20 سالوں سے سہولیات سے محروم

309

سیندک کے سیاسی و عوامی حلقوں کا کہنا ہے سیندک پروجیکٹ سفید ہاتھی بن چکی ہے، 20 سال بعد بھی مقامی لوگ بیروزگار ہیں۔

سیندک کے سیاسی و عوامی حلقوں نے اپنے جاری کردہ بیان میں کہا ہے کہ سیندک پروجیکٹ ایم آر ڈی ایل کمپنی نے اہل علاقہ کے ساتھ پچھلے 20 سالوں سے انتہائی ناروا سلوک اپنایا ہوا ہے کمپنی نے ہمیں زندگی کے تمام بنیادی سہولیات سے محروم کر رکھا ہے، بجلی روزگار سے لے کر تعلیم، آبنوشی صحت تک کی سہولت نہیں ملتی اب مزید 15 سال کا معاہدہ لے کر اپنی جھوٹی کہانیوں کا داستان شروع کرنا چاہتا ہے۔

مکینوں کا کہنا ہے سیندک کے باسیوں کا سب سے بڑا اور اہم مسئلہ اس وقت بجلی کا ہے جو انتہائی گمبھیر مسئلہ بن چکا ہے سیندک پروجیکٹ اب سفید ہاتھی بن چکی ہے بار بار یقین دہانی کے باوجود ان کے کانوں میں جوں تک نہیں رینگتی، ہزاروں درخواست دے دے کر ہم بھی تھک گئے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ہم نے بہت لحاظ رکھا اور صبر کا دامن ہاتھ سے نہ چھوڑا کہ شاید چائنیز منیجمنٹ اور ان کے ہمنوا پاکستانی آفیسرز اپنا قبلہ درست کرینگے لیکن انہوں نے ہماری نرمی سے فائدہ اٹھا کر ہمیں تمام سہولیات سے جان بوجھ کر محروم رکھا ہے اب مزید ہم میں برداشت کی گنجائش نہیں اور مزید ہماری لب و لہجہ میں نرمی نہیں ہوگی۔

انہوں نے کہا کہ اس وقت سیندک کے سینکڑوں نوجوان بے روزگار ہیں جبکہ باہر کے لوگ جوق در جوق بھرتی ہورہے ہیں بجلی کا نظام درہم برہم ہے 15 سال پہلے انہوں نے انتہائی کم وولٹیج پر ہمیں بجلی فراہم کی جو بعد میں انہوں نے ایک دفعہ بھی اپ گریڈ نہیں کی ہے جس کی وجہ سے ترسیل بجلی بالکل ناکارہ ہوچکی ہے جبکہ ان کی دی ہوئی کمزور ٹرانسفارمرز ناکارہ ہوچکے ہیں جو گھنٹے میں 10 دفعہ ٹرپ ہوجاتے ہیں اب مزید ہم انہیں درخواست نہیں دیں گے۔

مکینوں کا مزید کہنا تھا ہم سیندک پروجیکٹ اور ان کی دی ہوئی سی ایس آر فنڈ سے خود سیندک محروم ہے لہٰذا ایم آر ڈی ایل انتظامیہ کو 10 فروری تک کا وقت دیتے ہیں کہ اپنا قبلہ درست کریں ورنہ پورا اہل علاقہ بوڑھے بچے جوان سب مل کر بھرپور احتجاج کریں گے اور ہم اپنا احتجاج کا دائرہ وسیع کریں گے۔