سندھی کارکن عاقب چانڈیو کی لاش برآمد

2433

تیسری مرتبہ جبری گمشدگی کا شکار سندھی کارکن کی لاش برآمد ہوئی ہے۔

جمعرات کے روز ایران باڈر منسلک بلوچستان کے علاقہ سے انتظامیہ کو ایک لاش ملی جسے برآمد کرکے مقامی اسپتال منتقل کردیا گیا۔

اطلاعات کے مطابق لاش سندھی قوم پرست کارکن عاقب چانڈیو کی ہے جسے رواں سال جولائی کی شروعات میں بلوچستان کے شہر حب سے لاپتہ کیا گیا۔

عاقب چانڈیو کے قریبی ذرائع کے مطابق عاقب چانڈیو ازادی پسند قوم پرست پارٹیوں سے تعلق کی بنیاد پر اس سے قبل دو مرتبہ جبری گمشدگی کا شکار ہونے کے بعد بازیاب ہوگئے تھے، پہلی دفعہ انہیں 2018 میں سندھ لاڑکانہ سے فورسز نے حراست میں لیکر ایک سال چار ماہ حراست میں رکھنے کے بعد ستمبر 2019 میں رہا کردیا تھا-

عاقب چانڈیو کی فورسز کے ہاتھوں جبری گمشدگی کے خلاف انکی والدہ اور ہمشیرہ فوزیہ چانڈیو نے سندھ بھر میں احتجاج ریکارڈ کراچکے ہیں جبکہ عاقب چانڈیو کے اہلخانہ کی جانب سے انکی عدم بازیابی کے خلاف کئی روز تک کراچی پریس کلب کے سامنے بھوک ہڑتالی کیمپ قائم کیا گیا۔

قوم پرست کارکن عاقب چانڈیو کو دوسری مرتبہ جولائی 2020 میں سندھ حیدر آباد سے انکی ہمشیرہ، اہلیہ اور والدہ کے سامنے خفیہ اداروں اور رینجرز اہلکار حراست میں لیکر اپنے ہمراہ کے گئے، واقعے کی ویڈیو فوٹیج بھی منظر عام پر آئی تھی-

دوسری مرتبہ جبری گمشدگی کے بعد فروری 2021، میں ایک بار پھر عاقب چانڈیو منظر عام پر آگئے تھے-

عاقب چانڈیو کے قریبی ذرائع مطابق آخری بار عاقب چانڈیو کو حب چوکی سے فورسز رواں سال چار جولائی کے روز اغواء کرنے کے بعد اپنے ہمراہ لے گئے، دو ماہ لاپتہ رہنے کے بعد آج انہیں اطلاع ملی ہے کہ عاقب کی لاش ایران باڈر کے قریب سے انتظامیہ نے برآمد کرلی ہے-

یاد رہے بلوچستان طرز سندھ سے بھی قوم پرست سیاسی کارکنان کی جبری گمشدگیوں کے اکثر رپورٹس موصول ہوتے رہے ہیں سندھ کے سیاسی و انسانی حقوق کے تنظیمیں ان جبری گمشدگیوں میں پاکستانی خفیہ اداروں، سندھ پولیس، سی ٹی ڈی اور رینجرز کو ملوث قرار دیتے ہیں-

سندھ میں جبری گمشدگیوں کے خلاف اور لاپتہ سندھیوں کی بازیابی کے لئے کام کرنے والی تنظیم وائس فار مسنگ پرسنز آف سندھ کے مطابق اب تک درجنوں سندھی کارکنان ماورائے آئین و قانون سیکورٹی اداروں کی جانب سے زبردستی سندھ کے مختلف علاقوں سے حراست میں لئے گئے ہیں جبکہ ان میں کئی افراد کی لاشیں پھر مسخ شدہ حالات میں برآمد ہوئی ہیں-

وائس فار مسنگ پرسنز آف سندھ کے مطابق کاؤنٹر ٹیررزم ڈپارٹمنٹ سندھی کارکنوں کو جعلی مقابلوں میں قتل کرکے دہشت گرد ثابت کررہی ہے-