بولان: تیل و گیس کمپنی کے گاڑی پر بم حملہ

683

بولان کے علاقے مچھ میں نامعلوم افراد نے تیل و گیس نکالنے والی کمپنی کے گاڑی کو بم حملے میں نشانہ بنایا ہے جس سے انہیں جانی و مالی نقصانات اٹھانے پڑے ہیں۔

اطلاعات کے مطابق ‘مورو مغل کوٹ اینڈ چلتن فارمیشن’ بلاک کے سپلائی گاڑی کو بم حملے میں نشانہ بنایا گیا ہے تاہم حکام نے تاحال اس حوالے سے کوئی تفصیلات فراہم نہیں کی ہے۔

مذکورہ سائٹ پر تیل و گیس کا بڑا ذخیرہ 2018 میں دریافت کیا گیا تھا۔ ذخیرہ ماڑی پیٹرولیم کمپنی لمیٹڈ اور پاکستان پیٹرولیم لمیٹڈ نے مشترکہ طور پر دریافت کیا، خام تیل کا یہ ذخیرہ بلوچستان کے مشرقی ضلع کچھی بولان کے علاقے مچھ میں دریافت ہوا جس سے روزانہ کی بنیاد پر خام تیل نکالا جا رہا ہے۔

ماڑی پیٹرولیم کمپنی لمیٹڈ کے اس وقت کے ترجمان اسد ربانی کا کہنا تھا کہ ابتدائی طور پر سائٹ پر دو ٹیوب ویل لگائے گئے تھے جن میں سے ایک سے 810 بیرل اور دوسرے سے 690 بیرل تیل نکل رہا ہے۔ اسد ربانی کے بقول 1500 بیرل تیل کی یومیہ پیداوار ایک بہت بڑی کامیابی ہے جس سے ظاہر ہوتا ہے کہ علاقے میں زیرِ زمین تیل کے وسیع ذخائر موجود ہیں ۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ ماڑی پیٹرولیم کمپنی لمیٹڈ کیساتھ بیرونی ممالک کی کمپنی بھی سائٹ پر کام کررہی ہے تاہم اس حوالے سے کمپنی نے کوئی معلومات فراہم نہیں کی ہے۔

ماضی میں بلوچ مسلح آزادی پسند تنظیموں کیجانب سے تیل و گیس کمپنیوں سمیت سی پیک پراجیکٹ کو حملوں میں نشانہ بنایا جاتا رہا ہے ان حملوں میں بلوچ لبریشن آرمی کے مجید بریگیڈ کے شدید نوعیت کے حملے نمایاں ہیں۔