بساک خضدار زون کا جنرل باڈی اجلاس منعقد، حیربیار بلوچ زونل صدر منتخب

227

بلوچ اسٹوڈنٹس ایکشن کمیٹی خضدار زون کا جنرل باڈی اجلاس سابقہ زونل صدر خیرجان بلوچ کے زیر صدارت منعقد ہوا جس میں مرکزی کمیٹی کے رکن رفیق بلوچ بطور مہمان خاص شریک ہوئے۔ اجلاس میں تعارفی نشست، مرکزی سرکیولر، زونل سابقہ رپورٹ، تنقیدی نشست، تنظیمی امور،عالمی و علاقائی سیاسی صورتحال کے بعد آئندہ لائحہ عمل میں نئی کابینہ کا انتخاب عمل میں لایا گیا جس میں حیربیار بلوچ زونل صدر اور سلمان اشرف جنرل سیکرٹری منتخب ہوئے ہیں۔

اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے مرکزی کمیٹی کے رکن رفیق بلوچ نے کہا کہ بلوچ اسٹوڈنٹس ایکشن کمیٹی اپنے قیام سے لیکر آج تک ادارہ جاتی بنیادوں پہ بلوچ طالبعلموں کی شعوری نشوونما کرنا مقصد رہا ہے ادارہ جاتی رویوں کو فروغ دے کر ہم بلوچ قوم میں اداروں کی اہمیت کو اجاگر کرسکتے ہیں۔ آج ہم یقیناً یہ بات فخر سے کہہ سکتے ہیں بساک کے ساتھیوں کی شعوری جدوجہد کی وجہ سے ہم ادارہ جاتی رویوں کو بلوچ سماج میں رواج دینے میں کچھ حد تک کامیاب ہوئے ہیں لیکن اس کو مزید بڑھوتری دینے اور سماج کے اندر اداروں کی اہمیت کو فروغ دینے کیلیے سخت جدوجہد جاری رکھنے کی ضرورت ہے۔ اس کی بنیادی سبب یہ ہے کہ معاشرے صرف ادارتی بنیادوں پہ آگے بڑھ سکتے ہیں چاہے وہ سیاسی ادارے ہوں، یا سماجی و معاشرتی ادارے ہوں۔

آج تاریخ کے اس فیصلہ ساز موڑ پر نوجوانوں کے کندھوں پہ بہت ساری زمہ داریاں عائد ہیں ۔جہاں مخصوص زہنیت کے حامل کچھ اداروں نے بلوچ سماج کو تاریکیوں میں دھکیلنے کی قسم کھائی ہے تو ہمیں بھی اپنے سماج کو اندھیروں سے نکال کر روشنی کی جانب سفر کرنے کی جدوجھد کو بحیثیت طالبعلم تیز کرنے کی ضرورت ہے۔آج بلوچ معاشرہ تمام تر بنیادی انسانی سہولیات سے محروم ہے۔ تعلیم اور صحت دو ایسے بنیادی ضروریات ہیں کہ جن کی فراہمی انسانی زندگیوں کو دائم رکھنے کیلیے ضروری ہیں لیکن بلوچستان میں تعلیمی زبوں حالی سب کے سامنے عیاں ہے۔ تعلیمی اداروں سے طالبعلموں کا جبری گمشدہ ہونا، یا انہی طالبعلموں کی بازیابی کیلیے جدوجہد کرنا، اور دوسری طرف پچھلے کئی ہفتوں سے صوبے بھر کے ہسپتالوں کا بند پڑے رہنا اور ینگ ڈاکٹرز کا پابند سلاسل ہونا باعث تشویش ہے۔صوبے میں تعلیم اور صحت کے ادارے پہلے سے گنے چنے ہیں اور ان کا احتجاجاً تالا بندی اور حکومتی بے حسی یہاں کے لوگوں کو مزید ابتری کا شکار بنا رہی ہے۔

انہوں نے خطاب کرتے ہوئے مزید کہا کہ ہمیں اپنے نوجوانوں کی شعوری آبیاری کیلیے جدوجہد کو جاری رکھنا ہوگا اسٹڈی سرکلوں اور کتب بینی کو فروغ دینے کیلیے ساتھیوں کی جدوجھد قابل ستائش ہے۔خضدار میں ادارے کی فعالیت کیلیے دوستوں کو مزید جدوجھد کرنے کی ضرورت ہے اور یہاں کی تعلیمی اداروں کے مسائل کو اجاگر کرنے سمیت انہیں فعال کرنے کیلیے عملی اقدامات اٹھانے ہوں گے۔

اجلاس میں زونل رپورٹ، تنقیدی نشست، تنظیمی امور عالمی اور علاقائی سیاسی صورتحال پہ سیر حاصل گفتگو کے بعد آئندہ کے لائحہ عمل میں متعدد فیصلے لئے گئے اور گزشتہ کابینہ کی آئینی مدت پورا ہونے کی بنا پر نئی زونل کابینہ کا چناؤ عمل میں لایا گیا۔ جس میں حیربیار بلوچ زونل صدر، ڈاکٹر احمد بلوچ نائب صدر، سلمان اشرف جنرل سیکرٹری، بالاچ بلوچ ڈپٹی جنرل سیکرٹری اور علیم مرزا زونل نفارمیشن سیکرٹری منتخب ہوئے۔

مرکزی کمیٹی کے رکن رفیق بلوچ نے نو منتخب زونل کابینہ سے حلف لیا زونل عہدیداران نے تنظیمی زمہ داریوں کو بخوبی نبھانے کا اعادہ کرتے ہوئے اجلاس کو اختتام پذیر کیا۔