کابل انٹرنیشنل ائیرپورٹ میں امریکی فورسز کی فائرنگ سے تین افراد ہلاک

292

افغانستان کے دارالحکومت کابل طالبان کے قبضے میں جانے کے بعد افراتفری کے ماحول میں باہر ملک جانے کی کوشش کرنے والوں پہ امریکی فورسز کی فائرنگ سے تین افراد ہلاک ہوئے ہیں۔

افغان میڈیا طلوع نیوز نے تین عینی شاہدین کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ حامد کرزئی انٹرنیشنل کابل ائیرپورٹ میں فائرنگ کے واقعہ میں تین افراد ہلاک ہوئے ہیں

ذرائع کے مطابق کابل ائیر پورٹ اس وقت امریکہ کے حوالے ہے جہاں امریکی فورسز نے فائرنگ کرکے تین افغان شہریوں کو ہلاک کردیا ہے

سوشل میڈیا پہ وائرل تصاویر میں دیکھا جاسکتا ہے کہ فائرنگ کے واقعہ میں ہلاک ہونے والوں کی لاشیں ائیرپورٹ کے احاطے میں زمین پر پڑے ہیں۔

اس سے قبل سوشل میڈیا پر کابل شہر اور ائیر پورٹ کے کچھ مناظر سامنے آئے ہیں جس میں دیکھا جاسکتا ہے کہ شہر میں کس قسم کی افراتفری برپا ہے، طالبان کے کنٹرول کے بعد لوگ شہر کو جلد از جلد چھوڑنا چاہتے ہیں۔

کابل کی سڑکوں پر گاڑیوں کی طویل قطاریں لگی ہوئی ہیں۔

تصاویر اور ویڈیوز سے اس بات کا اندازہ لگانا مشکل نہیں کہ شہر کی صورتحال کتنی بدترین ہے، لوگ گاڑیوں میں اپنے گھر کا قیمتی سامان ائیرپورٹ کی جانب لے جارہے ہیں جب کہ شہر میں شدید نوعیت کا ٹریفک جام بھی ہے۔

خیال رہے کہ گذشتہ روز افغان طالبان نے کابل کو چاروں اطراف سے گھیراؤ کیا تھا جس کے بعد افغان صدر اشرف غنی استعفیٰ دے کر اپنے قریبی ساتھیوں سمیت ملک چھوڑ کر چلے گئے۔

اشرف غنی کا ملک چھوڑنے کا بعد پہلا بیان سامنے آیا ہے جس میں ان کا کہنا تھا کہ انہوں نے خونریزی روکنے کے لیے افغانستان چھوڑنے کا فیصلہ کیا۔