اطراف پہ قبضہ،کابل میں پرامن طریقے سے داخل ہونگے – طالبان

254

افغانستان میں طالبان کی پیش قدمی تیزی سے جاری ہے اور وہ ملک کے 34 میں سے 28 صوبائی دارالحکومتوں پر قابض ہوچکے ہیں۔

افغان وزارت داخلہ کا کہنا ہے کہ طالبان نے دارالحکومت کابل میں چاروں اطراف سے داخل ہونا شروع کر دیا ہے۔ جبکہ طالبان کا کہنا ہے کہ وہ طاقت یا جنگ کے زور پر شہر میں داخل نہیں ہوں گے۔

طالبان ترجمان کا کہنا ہے کہ طالبان جنگجو دارالحکومت کابل میں داخل نہیں ہوں گے اور انہیں شہر کے داخلی راستوں پر انتظار کرنے کا کہا گیا ہے۔

طالبان ترجمان ذبیح اللہ مجاہد نے اپنی ٹویٹ میں پوسٹ کیے جانے والے بیان میں کہا ہے کہ ،امارات اسلامی نے اپنے تمام جنگجوؤں کو ہدایت کی ہے وہ کابل کے داخلی راستوں پر رک جائیں اور شہر میں داخل ہونے کی کوشش نہ کریں۔

طالبان ترجمان کا اپنے بیان میں کہنا تھا کہ ہمارے جنگجو شہر میں داخل نہیں ہو رہے اور ہم پر امن طور پر اقتدار کی منتقلی چاہتے ہیں۔

پشتو میں جاری کیے جانے والے اس بیان میں عام معافی کا اعلان کیا گیا ہے جب کہ سب کو یقین دلایا گیا ہے کہ کسی کے خلاف کوئی انتقامی کارروائی نہیں کی جائے گی۔

افغانستان میں طالبان کی پیش قدمی اور کابل میں مسلح جنگجوؤں کے داخلے کے موقع پر مختلف مقامات پر فائرنگ کی آوازیں سنی گئی ہیں۔ تاہم افغان صدر کے ٹوئٹر اکاؤنٹ پر بتایا گیا ہے کہ صورتحال کنٹرول میں ہے۔

اس پیغام میں کہا گیا ہے کہ کابل میں وقفے وقفے سے فائرنگ ہوئی ہے۔ کابل پر حملہ نہیں ہوا۔ ملک کی دفاعی فورسز بین الاقوامی اتحادیوں کے ساتھ مل کر شہر میں سکیورٹی کو یقینی بنا رہی ہیں۔ صورتحال قابو میں ہے۔