ڈھاڈر: طوفانی بارش نے تباہی مچادی، 5 سو سے زائد مویشی ہلاک

612

بلوچستان کے ضلع بولان کے علاقے ڈھاڈر میں شدید طوفانی بارشوں اور تیز ہواؤں نے تبائی مچادی، سینکڑوں کی تعداد میں مال مویشی ژالہ باری سے ہلاک ہو گئے ہیں۔

بارش کے باعث کچے مکانات منہدم اور درجنوں درخت جڑوں سے اکھڑ گئے، درخت گرنے سے ایک شخص جاں بحق جبکہ مکان کی چھت گرنے سے دو بچے زخمی ہو گئے ہیں، جبکہ درجنوں بجلی کے کھمبے زمین بوس اور ٹرانسفارمز گرنے سے بجلی کا نظام درہم برہم ہوگیا ہے –

اسی طرح لاکھوں کی تعداد میں کھڑی تیار فصلیں بھی تباہ ہوگئیں اور متعدد شمسی پلیٹس بھی ٹوٹ گئے۔ متعدد مقامات پر کچے مکانات اور دیواروں سمیت مساجد کی دیواریں بھی منہدم ہوگئی ہیں-

لوگوں نے اپنی مدد آپ کے تحت امدادی کارروائیاں شروع کی ہیں –

اس وقت علاقے میں نظام زندگی مکمل طور پر درہم برہم ہوکر رہ گئی ہے۔ ڈھاڈر کے رہائشی زمیندار ملک خدا بخش بنگلزئی کے تقریباً ساڑھے پانچ سو کے لگ بھگ مال مویشی طوفانی بارشوں کی نظر ہوگئے جبکہ شمسی پلیٹیں بھی تباہ ہوگئی ہے، شدید طوفانی بارشوں نے ڈھاڈر کا نقشہ ہی بدل دیا ہے بجلی کا نظام مکمل طور پر تباہ ہوچکا ہے درجنوں کی تعداد میں بجلی کے کھمبے طوفانی ہواؤں کی وجہ سے زمین بوس ہوگئے ہیں-

علاقہ مکینوں کا کہنا ہے کہ عوام کو شدید مالی جانی نقصان اٹھا نا پڑا ہے حکومت جنگی بنیادوں پر فی الفور ڈھاڈر شہر میں ایمرجنسی نافذ کرکے آفت زدہ علاقہ ڈکلئیر کرکے عوام کو امداد دی جائے۔

ان کا کہنا ہے کہ عوام کی فی لفور مدد نہیں کی گئی تو بڑا انسانی المیہ رونماء ہوسکتا ہے۔ پریس کانفرنس کی توسط سے وزیر اعلیٰ بلوچستان، گورنر بلوچستان اور دیگر حکام کی توجہ ڈھاڈر کی جانب مبذول کراتے ہوئے مطالبہ کیا گیا کہ شہر کو فی الفور آفت زدہ قرار دیکر ہنگامی بنیادوں پر ریلیف کا کام شروع کیا جائے تاکہ معمولات زندگی دوبارہ بحال ہوسکے۔