کوئٹہ: ایگل فورس بلوچستان کا اہلکار لاپتہ

370

ڈیرہ بگٹی کا رہائشی جوان کوئٹہ سے گذشتہ دنوں پراسرار طور پر لاپتہ ہوگیا۔ لواحقین کو تھانے سے گمشدگی کی اطلاع دی گئی۔

اطلاعات کے مطابق 26 فروری 2021 بروز جمعہ دوپہر 11 بجے کے بعد دوران ڈیوٹی ڈیرہ بگٹی کے رہائشی ایگل فورس بلوچستان پولیس کا سپاہی عبد الرشید بگٹی کوئٹہ کے تھانہ ہنہ اڑک کے ایریا سے لاپتہ ہے۔ عبد الرشید کے لواحقین کو ان کی گمشدگی کی اطلاع کوئٹہ تھانے سے موصول ہوئی۔

عبدالرشید کے گمشدگی کے محرکات تاحال معلوم نہیں ہوسکے ہیں تاہم ان کے جبری طور پر گمشدگی کے خدشات کا اظہار کیا جاچکا ہے۔

عبد الرشید کے لواحقین نے وزیر اعلیٰ بلوچستان، آئی جی پولیس اور تمام سیکورٹی اداروں سے اپیل کی ہے کہ عبد الرشید بگٹی کے دوران ڈیوٹی گمشدگی کا نوٹس لیں اور انہیں بازیاب کیا جائے

واضح رہے گذشتہ دو دہائی کے زائد عرصے بلوچستان بھر میں ہزاروں کی تعداد میں لوگ جبری طور پر لاپتہ ہوچکے ہیں جن میں کئی افراد کی مسخ شدہ لاشیں بھی برآمد ہوئی ہے جبکہ مذکورہ لاپتہ افراد میں سرکاری اداروں سمیت لیویز اور دیگر فورسز اہلکار بھی شامل ہیں۔

گذشتہ دنوں عوامی نیشنل پارٹی کے صوبائی ترجمان اسد خان اچکزئی کی مسخ شدہ لاش کوئٹہ کے علاقے نوحصار سے برآمد ہوئی تھی۔ انہیں پانچ مہینے قبل کوئٹہ سے لاپتہ کیا گیا تھا۔