بلوچستان: تین لاپتہ افراد بازیاب، لاپتہ افراد کے مسئلے کو حل ہونا چاہیے – نصراللہ بلوچ

262

دی بلوچستان پوسٹ نیوز ڈیسک کو موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق بلوچستان کے مختلف علاقوں سے تین لاپتہ افراد بازیاب ہوکر گھروں کو پہنچ گئے ہیں۔ وائس فار بلوچ مسنگ پرسنز کے چیئرمین نصراللہ بلوچ نے لاپتہ افراد کے متعلق پاکستانی وزیر اعظم عمران خان کے بیان خوش آئند قرار دیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق بلوچستان کے ضلع ڈیرہ بگٹی سے دو سال سے قبل لاپتہ ہونے والے فیض محمد ولد پیر محمد بگٹی سکنہ دولی سوئی اور گزو ولد واسو بگٹی سکنہ دولی سوئی گذشتہ دنوں بازیاب ہوکر اپنے گھروں کو پہنچ گئے ہیں۔

اسی طرح گذشتہ سال جولائی کو کراچی کے علاقے ابراھیم حیدری سے لاپتہ ہونے والے عبدالمجید ولد شہداد سکنہ حب چوکی ساکران بھی منظر عام پر لایا گیا ہے۔

وائس فار بلوچ مسنگ پرسنز کے چیئرمین نصراللہ بلوچ نے ایک جاری کردہ بیان میں کہا ہے کہ پاکستانی وزیر اعظم عمران خان کا یہ بیان خوش آئند ہے کہ حکومت نہیں چاہتی کہ ملک میں کوئی شخص لاپتہ ہو اور یہ بھی اچھی عمل ہے کہ وفاقی حکومت نے لاپتہ افراد کے مسئلہ پر ایک کیمٹی بنائی ہے۔

مذکورہ کمیٹی 6 ہفتوں میں جبری گمشدگیوں کا مسئلہ ملکی قوانین کے مطابق حل کرانے کے لیے اپنی سفارشات مرتب کرکے کابینہ کو پیش کرے گی۔

نصراللہ بلوچ نے کہا کہ لاپتہ افراد کا مسئلہ دیرینہ مسئلہ ہے جسے اب حل کرنے کی اشد ضرورت ہے کیونکہ ملک کے مختلف حصوں خصوصاً بلوچستان میں لوگوں کے لاپتہ ہونے کے خلاف شدید ردعمل پایا جاتا ہے۔

یاد رہے کہ کہ گذشتہ ہفتوں میں بلوچستان سے جبری طور پر لاپتہ کیے گئے افراد کی بازیابی میں تیزی آئی ہے اور انسانی حقوق کی تنظیموں نے اس عمل کو خوش آئندہ عمل قرار دیا ہے۔