ڈونلڈٹرمپ کےدوسری بارمواخذےکی قرارداد منظور

110

امریکی کانگریس نے ڈونلڈ ٹرمپ کے دوسری بار مواخذے کی قرارداد منظور کرلی ۔ قرارداد کے حق میں 232 اور مخالفت میں 197 ووٹ ڈالے گئے۔ ری پبلکن پارٹی کے 10 ارکان نے بھی ٹرمپ کےخلاف ووٹ دیا۔ معاملہ اب 19 جنوری کو سینیٹ میں جائے گا۔

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے دوسری بار مواخذے کی راہ ہموار ہوگئی ہے۔ امریکی کانگریس کی اکثریت نے مواخذے کے حق میں ووٹ دیا ہے۔ پچھلے ہفتے واشنگٹن میں کیپیٹل ہل پرٹرمپ کے حامیوں کا حملہ امریکی صدر کو مہنگا پڑ گیا۔

بغاوت پر اکسانے کے الزام میں ٹرمپ کےخلاف مواخذے کے حق میں 232 اور مخالفت میں 197 ووٹ آئے۔ ری پبلکن پارٹی کے 10 ارکان نے بھی ٹرمپ کے خلاف ووٹ دیا۔

امریکی کانگریس کی اسپیکر نینسی پلوسی نے مواخذے کی قرارداد پر دستخط کردیئے۔ ان کا کہنا تھا کہ امریکا میں کوئی بھی شخص قانون سے بالاتر نہیں، امریکی تاریخ میں پہلی بار کسی صدر کا دو مرتبہ مواخذہ کیا جائے گا اور اب معاملہ 19 جنوری کو سینیٹ میں جائے گا۔ نو منتخب صدر جو بائیڈن 20 جنوری کو اپنے عہدے کا حلف اٹھائیں گے۔ مواخذے کے نتیجے میں ٹرمپ کوعہدے سے ہٹایا بھی گیا تو وہ محض علامتی ہوگا کیوں کہ وہ اسی دن خود ہی عہدہ چھوڑ دیں گے۔

دوسری جانب جوبائیڈن کی تقریب حلف برداری کے موقع پرواشنگٹن میں 10 ہزار نیشنل گارڈز تعینات کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ 3 ہزار سے زائد فوجی اہلکار پہلے ہی کیپیٹل ہل اورواشنگٹن کے دیگر حساس مقامات پر تعینات ہیں۔ ایف بی آئی کے مطابق ٹرمپ کے ہزاروں مسلح حامی کیپیٹل ہل کا محاصرہ کرسکتے ہیں۔