افغانستان: نیمروز میں طالبان کا حملہ، 20 آرمی اہلکار جانبحق

523

طالبان نے نیمروز کے ضلع خاشرود میں آرمی کے بیس کو نشانہ بنایا جہاں چھ اہلکاروں کو زندہ گرفتار کیا گیا ہے جن میں تین زخمی بھی شامل ہیں ۔

اطلاعات کے مطابق افغانستان کے صوبے نیمروز کے ضلع خاشرود میں طالبان نے افغان آرمی کے ایک کیمپ پر مختلف اطراف سے حملہ کیا جس کے دو طرفہ جھڑپ میں آرمی کے بیس اہلکار مارے گئے جبکہ چھ اہلکاروں کو زندہ گرفتار کیا گیا جن میں تین زخمی بھی شامل ہیں ۔

طالبان نے حملے کے بعد آرمی کیمپ میں موجود اسلحہ و بکتر بند گاڑی کے علاوہ آرٹلری توپ کو بھی اپنے قبضے میں لے لیا ۔

خاشرود ضلعی سربراہ جلیل وطن دوست نے طالبان کے حملے میں 20 اہلکار وں کے مارے جانے کی تصدیق کی ۔

خیال رہے کہ افغانستان میں طالبان کے حملوں ایسے وقت میں اضافہ ہوا ہے جب قطر میں بین الافغانی مذاکرات کا آغاز بھی ہوچکا ہے ۔

دوسری جانب افغان وزارت دفاع نے اپنے ایک اعلامیہ میں کہا طالبان نے مختلف صوبوں تخار، اورزگان،  بغلان، ہلمند، غزنی، لغمان، پکتیا، لوگر، میدان وردک، فاریاب، سرپل، پکتیکا اور بدخشان حملے کئے ہیں اور بے گناہ لوگوں کو قتل کیا ہے ، تاہم طالبان ترجمان نے سرکاری دعووں کی تردید کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے اپنے دفاع میں سرکاری فورسز کا جواب دیا ہے۔