افغانستان: شدید برف باری کے بعد لینڈ سلائیڈنگ، پچیس ہلاکتیں

142

مشرقی افغانستان میں شدید برف باری کے بعد لینڈ سلائیڈنگ کے نتیجے میں حکام کے بقول کم از کم پچیس افراد ہلاک ہو گئے۔ قدرتی آفات سے نمٹنے کی ذمہ دار ملکی وزارت کے مطابق لینڈ سلائیڈنگ کے نتیجے میں متعدد افراد زخمی بھی ہو گئے۔

دارالحکومت کابل سے پیر انیس فروری کو ملنے والی رپورٹوں کے مطابق ڈیزاسٹر مینجمنٹ کی ذمہ دار افغان وزارت نے بتایا کہ یہ شدید برف باری پاکستان کے ساتھ سرحد سے متصل مشرقی صوبے نورستان میں ہوئی۔

خبر رساں ادارے اے ایف پی نے لکھا ہے کہ اس افغان وزارت کے ترجمان نے بتایا کہ شدید برفباری کے بعد یہ لینڈ سلائیڈنگ اتوار 18 فروری کو رات گئے ہوئی۔

اس لینڈ سلائیڈنگ کے دوران صوبے نورستان کی وادی تتین میں خاص کر نکرے نامی گاؤں کو کیچڑ، برف اور پتھروں پر مشتمل ایک ایسے ‘بہاؤ‘ کا سامنا رہا، جس نے اس پورے گاؤں کو اپنی لپیٹ میں لے لیا۔

وزارتی ترجمان جانان سائق نے بتایا، ”اس لینڈ سلائیڈنگ کے نتیجے میں 25 افراد ہلاک اور آٹھ دیگر زخمی ہو گئے۔‘‘

نورستان میں پبلک ورکس ڈیپارٹمنٹ کے سربراہ محمد نبی عادل نے بتایا، ”وادی تتین میں ہر طرف گہرے بادل چھائے ہوئے ہیں اور بارشیں بھی ہو رہی ہیں، اس لیے وہاں فوری طور پر کوئی امدادی ہیلی کاپٹر بھی نہیں اتر سکتے۔‘‘