آن لائن کلاسز : بلوچ طلباء کا احتجاج جاری

256

ایچ ای سی کے آن لائن کلاسز فیصلے کیخلاف بلوچستان کے مختلف  اضلاع میں بلوچ طلباء الائنس کی جانب سے احتجاجی مظاہرے کیے گئے اور سہ روزہ علامتی بھوک ہڑتالی کیمپ بھی لگائے گئے۔

بلوچ اسٹوڈنٹس الائنس نے ایچ ای سی ہیڈ آفس اسلام آباد کے سامنے ایک سہ روزہ علامتی بھوک ہڑتالی کیمپ لگایا جو کہ آج اختتام پذیر ہوا۔

مظاہرین کا کہنا تھا بلوچستان میں انٹرنیٹ کی عدم دستیابی  اور ایچ ای سی کی جانب سے عالمی وباء کے دوران کلاسز کا آغاز یکطرفہ اور معتصبانہ فیصلہ ہے جو کہ بلوچستان کے زمینی حقائق کو مکمل طور پہ نظر انداز کرتی ہے، ایچ ای سی کے اس فیصلے سے یہ بات واضح ہوتی ہے کہ بلوچستان کے طلباء اس تعلیمی نظام کا حصہ نہیں ہے جو کہ بلوچستان کے طلباء کو تعلیم سے دور رکھنے کی کوشش ہے تین روزہ ہڑتالی کیمپ کے پہلے دن 17جون 2020 کو  سوشل میڈیا پہ اس فیصلے کیخلاف کیمپین بھی چلایا گیا اور بھوک ہڑتالی کیمپ تین دن تک جاری رہا۔

احتجاجی کیمپ کے دوسرے روز مختلف طلباء تنظیموں کے نمائندے جس میں پروگریسو اسٹوڈنٹس فیڈریشن اسلام آباد ، ریولوشن اسٹوڈنٹس اور سندھی طلباء نے بھی اظہار یکجہتی کیلئے کیمپ میں شرکت کی۔

ایچ ای سی کی جانب سے مسلسل نظرانداز کرنے کے بعد بلوچ اسٹوڈنٹس نے اپنا چارٹر آف ڈیمانڈ احتجاجی طور پر ایچ ای سی کے سامنے پیش کی۔

طلباء نے ڈیمانڈ کی ہے کہ بلوچستان اور دیگر علاقہ جات جہاں آن لائن کلاسز میں شرکت کے لیے بنیادی سہولیات تک میسر نہیں اُن کےلیے یونیورسٹی ہاسٹل کھول دی جائیں تاکہ طالب علم اپنا تعلیمی تسلسل جاری رکھ سکیں اور بلوچستان اور ڈیرہ غازیخان کے قبائلی علاقہ جات کے طلباء کے لیے دیگر موافق پالیسی ترتیب دی جائے اور اس کےلیے ہائر ایجوکیشن کمیشن طلبا الائنس کے ساتھ گفت وشنید کرئے۔

مظاہرین کا کہنا تھا ایچ ای سی کی جانب سے بلوچستان اور ڈیرہ غازی خان کے قبائلی علاقہ جات میں انٹرنیٹ کے سہولت کی فراہمی کے لیے حکومت سے رجوع کیا جائے جب تک ایچ ای سی کی جانب سے ایک جامع اور موافق پالیسی ترتیب نہیں دی جاتی اس دوران ہائر ایجوکیشن کمیشن جزوّی طور پر تمام تعلیم اداروں کو کلاسز کی بندش اور امتحانات کی منسوخی کا مراسلہ جاری کرئے۔

پیش کردہ چارٹر میں طلباء نے مزید کہا کہ اگر ہائر ایجوکیشن کمیشن تعلیمی تسلسل کو جاری رکھنے کے لیے موافق جامع اور غیر متعصب پالیسی جاری کرنے سے قاصر ہے تو مکمل طور پر آن لائن کلاسز کی منسوخی کا اعلان کیا جائے۔

بھوک ہڑتالی کیمپ کے تیسرے دن 19 جون 2020 احتجاج اختتام پذیر ہوا بلوچ طلباء کی جانب سے بھوک ہڑتال کے آخری روز بھی سہ پہر 3 بجے ایچ ای سی آفس کے سامنے احتجاجی مظاہرہ کیا گیا۔