دنیا بھر میں کورونا وائرس کے مریضوں کی تعداد 50 لاکھ سے متجاوز

109
دنیا بھر میں کورونا وائرس کی وبا کے مریضوں کی تعداد 50 لاکھ سے تجاوز کر گئی ہے۔
گذشتہ ہفتے لاطینی امریکہ میں روزانہ کی بنیاد پر کورونا وائرس کے کیسز امریکہ اور یورپ سے زیادہ رپورٹ ہوئے۔
خبر رساں ادارے روئٹرز کے مطابق کیسز کی اتنی بڑی تعداد وائرس کے پھیلاؤ میں ایک نئے مرحلے کی نشاندہی کر رہی ہے۔
چین میں فروری میں کورونا کے کیسز میں اضافہ ہوا تھا جس کے بعد یورپ اور امریکہ میں بھی کورونا وائرس بڑے پیمانے پر پھیلا۔
سب سے زیادہ کیسز برازیل سے رپورٹ ہوئے ہیں، برازیل حال ہی میں جرمنی، فرانس اور برطانیہ کو پیچھے چھوڑتے ہوئے دنیا کا تیسرا بڑا ملک بن گیا ہے جہاں امریکہ اور روس کے بعد کورونا وائرس کے سب سے زیادہ کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔
جان ہاپکنز یونیورسٹی امریکہ کے مطابق برازیل میں کورونا سے ہلاکتوں کی تعداد 18 ہزار 859 ہو چکی ہے جبکہ ملک میں متاثرہ افراد کی تعداد 2 لاکھ 91 ہزار 579 تک پہنچ گئی ہے۔
کیسز میں اضافے کے باوجود دنیا کے کئی ممالک نے نہ صرف سکول کھولے ہیں بلکہ کاروبار بھی کھول دیے گئے ہیں۔
دوسری جانب عالمی ادارہ صحت نے کہا ہے کہ گذشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران کورونا وائرس کے کیسز میں ایک لاکھ چھ ہزار کا اضافہ ہوا ہے۔
روئٹرز کے مطابق وبا کے پھوٹنے کے بعد یہ ایک دن میں کورونا وائرس کے کیسز کی سب سے زیادہ تعداد ہے۔
عالمی ادارہ صحت کے سربراہ نے ٹیڈروس ایڈہنوم نے کہا ہے کہ ‘ہمیں کم اور درمیانی آمدنی والے ممالک میں بڑھتے ہوئے کیسز پر بہت تشویش ہے۔’
اگر عالمی سطح پر اعداد و شمار پر نظر ڈالنے سے معلوم ہوتا ہے کہ دنیا بھر میں کورونا وائرس سے اب تک 3 لاکھ 28 ہزار 120 افراد ہلاک ہوئے ہیں۔
امریکہ کی جان ہاپکنز یونیورسٹی کے مطابق کورونا وائرس سے متاثرہ سب سے بڑے ملک امریکہ میں اب تک 93 ہزار 439 ہلاکتیں ہو چکی ہیں جبکہ متاثرین کی تعداد 15 لاکھ 51 ہزار 853 ہے۔
اٹلی میں 32 ہزار 330 افراد ہلاک ہوئے ہیں جبکہ ملک میں مریضوں کی تعداد 2 لاکھ 27 ہزار 364 ہے۔
اسی طرح فرانس بھی کورونا وائرس سے متاثر ہونے والے بڑے ممالک میں شامل ہے جہاں اب تک 28 ہزار سے زائد افراد کورونا کے باعث زندگی سے ہاتھ دھو بیٹھے ہیں جبکہ ملک میں وائرس کے کل مریضوں کی تعداد ایک لاکھ 81 ہزار 700 ہے۔
یورپ کے ایک اور ملک سپین میں بھی کورونا وائرس سے ہزاروں ہلاکتیں ہوئی ہیں۔سپین میں اب تک 27 ہزار 888 افراد ہلاک ہو چکے ہیں جبکہ مریضوں کی تعداد 2 لاکھ 32 ہزار 555 ہے۔