کورونا پھیلانے کا خدشہ، لوگوں نے فائیو جی ٹاورز کو آگ لگادی

252

دنیا بھر میں کورونا وائرس کے تیزی سے پھیلنے کی وجہ سے جہاں اس سے بچاؤ کے لیے غلط معلومات پر مبنی علاج کے طریقے تیزی سے پھیل رہے ہیں، وہیں اس وبا کے پھیلاؤ کے حوالے سے بھی کئی من گھڑت کہانیاں لوگوں کی پریشانی بڑھا رہی ہیں۔

برطانیہ سمیت دیگر مغربی ممالک میں سوشل میڈیا پر افواہیں گردش کر رہی ہیں کہ فائیو جی اور ریڈیو سگنل بھی کورونا وائرس کو پھیلانے کا کام کر رہے ہیں۔

ایسی افواہیں پھیلنے کے بعد برطانیہ کے متعدد شہروں میں لوگوں نے فائیو جی ٹاورز کو ہی آگ لگادی۔

برطانوی نشریاتی ادارے بی بی سی کے مطابق سوشل میڈیا پر فائیو جی کے حوالے سے غلط افواہیں پھیلنے کے بعد مشتعل افراد نے مبینہ طور پر برطانیہ کے متعدد شہروں میں فائیو جی ٹاورز کو آگ لگادی۔

رپورٹ میں بتایا گیا کہ اگرچہ تاحال فائیو جی ٹاورز کو آگ لگائے جانے کے واقعات سے متعلق اس بات کی تصدیق نہیں ہو سکی کہ انہیں کس نے آگ لگائی، تاہم یہ واقعات سوشل میڈیا پر افواہوں کے بعد پیش آئے۔

رپورٹ میں بتایا گیا کہ ایگ برتھ، برمنگھم، لورپول اور میلنگ میں موجود فائیو جی ٹاورز کو آگ لگائی گئی اور ان ٹاورز کو آگ لگائے جانے کی ویڈیوز سوشل میڈیا پر بھی وائرل ہوگئیں۔

رپورٹ کے مطابق سوشل میڈیا پر فائیو جی ٹاورز کو آگ لگائے جانے کی ویڈیوز اصلی ہیں، تاہم اس بات کی تصدیق نہیں کی جاسکتی کہ ٹاورز کو آگ کیسے لگی؟

فائیو جی ٹاورز کو آگ لگنے کے واقعات کے بعد وزارت سائنس و ٹیکنالوجی نے بھی اپنی ٹوئٹ میں اس بات کی وضاحت کی کہ کورونا کے پھیلاؤ میں فائیو جی کا کوئی کردار نہیں۔

وزارت کی جانب سے کی گئی ٹوئٹ میں فائیو جی کے حوالے سے کی گئی تحقیقات بھی شیئر کی گئیں، جن میں واضح کیا گیا تھا کہ مذکورہ ٹیکنالوجی وبا کو نہیں پھیلاتی۔

حکومت کی جانب سے شیئر کی گئی ایک تحقیقاتی رپورٹ میں دعویٰ کیا گیا تھا کہ فائیو جی کورونا وائرس کو پھیلانے کا باعث نہیں، اس حوالے سے کی جانے والی تحقیق میں اس بات کے ثبوت نہیں ملے کہ مذکورہ ٹیکنالوجی وبا پھیلانے سمیت دیگر بیماریوں کا باعث بنتی ہے۔

اسی حوالے سے برطانوی اخبار دی گارجین نے اپنی رپورٹ میں بتایا کہ فیس بک اور ٹوئٹر پر فائیو جی کے حوالے سے افواہیں پھیلنے کے بعد ٹاورز پر کام کرنے والے عملے کو بھی دھمکیاں دی جا رہی ہیں۔

رپورٹ میں بتایا گیا کہ فیس بک اور ٹوئٹر پر کئی نامور شخصیات نے بھی ایسی پوسٹس کیں کہ فائیو جی سگنل کورونا پھیلانے کا باعث بن رہے ہیں۔

رپورٹ کے مطابق درحقیقت مذکورہ پوسٹس کاپی اور پیسٹ کے تحت آگے بڑھائی گئیں اور جن معروف شخصیات نے انہیں شیئر کیا، ان کے لاکھوں فالوورز تھے۔

سوشل میڈیا پر افواہیں پھیلنے کے بعد ہی لوگوں نے فائیو جی ٹاورز کو آگ لگانے سمیت ان ٹاورز پر مامور عملے کے ساتھ بھی بدتمیزی کی اور انہیں دھمکیاں بھی دیں۔