بلوچستان: حادثات و واقعات میں 5 افراد ہلاک، 7 زخمی

157

بلوچستان کے دارالحکومت کوئٹہ سمیت سبی اور گوادر میں پیش آنے والے مختلف حادثات اور واقعات میں 5 افراد ہلاک جبکہ تین خواتین سمیت 7 افراد زخمی ہوگئے ہیں۔

تفصیلات کے مطابق کوئٹہ کے علاقے مشرقی بائی پاس کے قریب رشتے کے تنازعے پر خنجروں کے وار سے نوجوان منیر احمد ولد حمید سکنہ سریاب روڈ ہلاک ہوگیا جس کی میت کو ہسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔

اسی طرح ضلع سبی کے علاقے کلی درمحمد میں شاہ میر ولد عطاء محمد کو دشمنی کی بناء پر فائرنگ کرکے قتل کردیا گیا جس کی لاش ہسپتال منتقل کردی گئی ہے۔

ضلع سبی کے علاقے محلہ غریب آباد میں محمد آصف ولد امان اللہ نامی شخص نے خود کو گولی مار کر خودکشی کرلی جس کی لاش کو ضابطے کی کارروائی کیلئے ہسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔

دریں اثناء ڈھاڈر کے علاقے میں ٹریفک حادثے کے نتیجے میں ایک شخص عبدالطیف جاںبحق جبکہ دو افراد محمد بخش، شربت خان زخمی ہوگئے۔ لاش اور زخمیوں کو ہسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔

علاوہ ازیں گوادر سے کراچی جانے والی فورسز کی کانوائے میں شامل ایک گاڑی اورماڑہ کے قریب بسول میں حادثے کا شکار ہوگئی جس کے نتیجے میں ایک اہلکار آصف ہلاک جبکہ دو زخمی ہوگئے ہیں۔ لاش اور زخمیوں کو ہسپتال منتقل کردیا گیا۔

سبی کے علاقے کمبڑی پل کے قریب مزدا گاڑی تیز رفتاری کے باعث الٹ گئی جس کے نتیجے تین خواتین زرینہ، جمال اور بی بی ثمینہ زخمی ہوگئی جنہیں فوری طورپر ہسپتال منتقل کردیا گیا۔