ٹریفک حادثے میں پاکستانی فوج کے دس اہلکار ہلاک

202
فائل فوٹو

آئی ایس پی آر کے مطابق مسافر کوچ حادثے میں ہلاک افراد میں پاکستان فوج کے 10 اہلکار بھی شامل ہیں۔

سیاحتی مقام بابو سر ٹاپ کے قریب مسافر کوچ کو پیش آنے والے حادثے میں جاں بحق افراد کی تعداد 27 ہوگئی جس میں پاکستانی فوج کے 10 اہلکار بھی شامل ہیں۔

مقامی پولیس کے مطابق اسکردو سے راولپنڈی جانے والی تیز رفتار مسافر کوچ موڑ کاٹتے ہوئے بابو سر ٹاپ کے قریب گٹی داس کے مقام پر پہاڑ سے ٹکرا گئی۔

پولیس کے مطابق حادثے میں خواتین اور بچوں سمیت 26 افراد جاں بحق اور 15 زخمی ہوئے۔ حادثے میں جاں بحق افراد کی لاشوں اور زخمیوں کو چلاس کے اسپتال منتقل کیا گیا۔

پولیس حکام کے مطابق  دور دراز علاقے کے باعث امدادی کارروائی میں مشکلات کا سامنا رہا۔

ترجمان گلگت بلتستان حکومت فیض اللہ فراق نے بتایا کہ حادثے میں جاں بحق ہونے والے 26 افراد کی لاشیں نکالی جاچکی ہیں جب کہ 12 مسافر شدید زخمی ہیں۔

بعدازاں بالاکوٹ کے اسپتال منتقل کیے گئے 6 میں سے ایک شخص دوران علاج دم توڑ گیا۔ انچارج اسپتال ڈاکٹر ضیا کا بتانا ہے کہ مردان کا رہائشی واجد علی بالاکوٹ اسپتال میں دم توڑ گیا۔

حادثے میں پاکستانی فوج کے 10 سپاہی بھی ہلاک ہوئے ہیں۔

پاکستان فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق مسافر کوچ حادثے میں ہلاک افراد میں پاکستان فوج کے 10 اہلکار بھی شامل ہیں۔

آئی ایس پی آر کے مطابق زخمیوں کو آرمی ایوی ایشن کے ہیلی کاپٹرز کے ذریعے سی ایم ایچ گلگت پہنچایا گیا ہے جب کہ 26 افراد کی لاشیں بھی اسپتال پہنچا دی گئی ہیں۔