اوستہ محمد: بلوچ طلباء پر پنجاب میں تشدد کے خلاف مظاہرہ

145

بی ایس او پجار اوستہ محمد زون کے زیر اہتمام گذشتہ روز پنجاب یونیورسٹی میں بلوچستان کے طالب علموں پر اسلامی جمعیت طلباء کی طرف سے تشدد کے خلاف گورنمنٹ بوائز ڈگری کالج اوستہ محمد سے پرامن احتجاجی نکالی گئی۔

احتجاجی ریلی مختلف جگہوں سے ہوتی ہوئی یو بی ایل چوک پر جلسے کی شکل اختیار کی، ریلی کی قیادت بی ایس او پجار کے مرکزی چئیرمین حمید بلوچ نے کی۔

ریلی کے شرکاء سے بی ایس او پجار کے  مرکزی چیئرمین حمید بلوچ ، نیشنل پارٹی ریجنل سیکٹری ماما ستار بلوچ ، اور صوبائی انفارمیشن سیکٹری نعیم بلوچ نے خطاب کیا۔

انہوں نے بلوچستان کے طالبعلموں پر پنجاب یونیورسٹی میں اسلامی جمعیت طلبہ کی بے رحمانہ تشدد کی سخت الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا کہ بلوچستان کے نوجوانوں پر مسلسل حملے کرکے تشدد کا نشانہ بنایا جا رہا ہے بلوچستان کے نوجوانوں کو تعلیم سے دور دھکیلنے کی سازش کی جارہی ہے ۔

 چیئرمین نے کہا کہ ایسا نہیں کہ اس سال طلباء پر تشد ہوا ہے بلکہ ہرسال اسی طرح طلباء جو بلوچستان سے تعلق رکھتے ہیں پنجاب کی یونیورسٹیوں میں زیر تعلیم ہیں ان پر تشدد کیا جاتا ہے ان مسلسل حملوں سے یہ ظاہر ہوتا ہے کہ انتہا پسندی سوچ کو مزید پھیلانے کی کوشش کی جارہی ہے اور تعلیمی اداروں کے ماحول کو خراب کیا جارہا ہے بی ایس او پجار بلوچستان سے تعلق رکھنے ان طلباء جو پاکستان کی کسی بھی یونیورسٹی میں زیر تعلیم ان کے ساتھ شانہ بشانہ کھڑی ہے اور ان کے ساتھ کسی قسم کی زیادتی برداشت نہیں کرے گی، اسلامی جمیعت طلبہ ہوش کے ناخن لے ۔

انہوں نے کہا کہ وی سی یونیورسٹی آف پنجاب کا بھی یونیورسٹی کا تعلیمی ماحول کو خراب کرنے میں ملوث ہے کیونکہ وی سی جامعہ پنجاب غنڈوں کی پشت پناہی کر رہا ہے ۔

انہوں نے کہا کہ ہم حکومت بلوچستان سے مطالبہ کرتے ہیں کہ پنجاب حکومت سے  رابطہ کرکے بلوچ طلباء پر تشدد کرنے والوں کے خلاف کاروائی کروائی جائے اور بلوچستان کے جو طلبہ پنجاب کے مختلف یونیورسٹیوں میں زیر تعلیم ہیں انہیں تحفظ فراہم کیا جائے اگر یہ تشدد کا سلسلہ اسی طرح جاری رہا تو بی ایس او پجار پورے ملک میں اپنے احتجاجی لائحہ عمل کو سخت کرے گی۔