نوشکی و خاران کے چار لاپتہ افراد بازیاب

313

دی بلوچستان پوسٹ نمائندہ نوشکی کے مطابق بلوچستان کے ضلع نوشکی اور ضلع خاران سے پاکستانی فورسز اور خفیہ اداروں کے ہاتھوں گرفتاری کے بعد جبری طور پر لاپتہ ہونے والے چار افراد نوشکی سے بازیاب ہوگئے۔

تفصیلات کے مطابق نوشکی اور خاران سے گذشتہ کئی سالوں سے جبری طور پر لاپتہ ہونے والے چار افراد آج نوشکی سے بازیاب ہوگئے جن میں مدثر جمالدینی، محسن جمالدینی سکنہ نوشکی اور شکور ولد عبداللہ، سعید احمد ولد محمد کریم سکنہ خاران شامل ہیں۔

نمائندے کے مطابق بازیاب ہونے والے افراد کو بلوچستان نیشنل پارٹی کے سیکرٹری جنرل اور سینیٹر ڈاکٹر جہانزیب جمالدینی کے حوالے کیا گیا جبکہ عوامی حلقوں کی جانب سے بی این پی کے لاپتہ افراد کے حوالے سے کوششوں کو سراہا جارہا ہے۔

واضح رہے کہ گذشتہ روز بی این پی کے رہنما سردار اختر مینگل نے حکومت کی جانب سے 40 افراد کی دو دن میں بازیابی کی خوشخبری سنائی تھی۔

سینٹر ڈاکٹر جہانزیب جمالدینی نے لاپتہ افراد کے بازیابی کے موقع  پر بی این پی کے دفتر میں میڈیا نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ بی این پی کی کوشش ہوگی کہ تمام لاپتہ افراد کو بازیاب کرایا جائے جس کے لئے پارٹی قائد بارہا آواز بلند کرتے رہے ہیں۔