شہید اسد بلوچ کے تین بھائی فورسز کے ہاتھوں اغواء

579

چھاپہ بلیدہ میں شہید اسد بلوچ کے گھر پر مارا گیا۔

دی بلوچستان پوسٹ نیوز ڈیسک کو موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق بلوچستان کے ضلع کیچ میں فورسز نے ایک گھر پر چھاپہ مار کر تین افراد کو حراست میں لیکر نامعلوم مقام پر منتقل کردیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق کیچ کے علاقے بلیدہ سے پاکستانی فورسز نے آپریشن کے دوران شہید اسد بلوچ کے گھر سے تین افراد کو گرفتار کرکے لاپتہ کردیا۔

فورسز کے ہاتھوں لاپتہ ہونے والے تینوں افراد شہید اسد بلوچ کے بھائی ہیں، جن کی شناخت عاطف، عدنان اور کمبر کے ناموں سے ہوئی ہے-

حراست میں لیئے جانے والا عاطف رژن پبلک ہائی اسکول میں استاد ہے جبکہ عدنان اور کمبر میناز گورنمنٹ ہائی اسکول کے طالبعلم ہیں۔

علاقائی ذرائع کے مطابق فورسز نے چھاپے کے دوران گھر میں موجود خواتین و بچوں کو بھی تشدد کا نشانہ بنایا ہے-

یاد رہے اسد بلوچ گذشتہ دنوں گوادر میں پانچ ستارہ ہوٹل پر حملہ آوروں میں سے ایک تھے اس حملے کی ذمہ داری بلوچ لبریشن آرمی کے ترجمان جیئند بلوچ نے قبول کی تھی جبکہ حملے کو آپریشن زر پہازگ کا حصہ قرار دیا گیا تھا۔