آئی ایس آئی پرامن طریقے سے لاپتہ افراد کا مسئلہ حل کرئے – میاں افتخار حسین

148

ہم آئی ایس آئی کو یاد دلانا چاہتے ہیں کہ وہ پرامن طریقے سے لاپتہ افراد کا مسئلہ حل کرئے ۔

دی بلوچستان پوسٹ نمائندہ کوئٹہ کے مطابق کوئٹہ پریس کلب کے سامنے قائم لاپتہ بلوچوں کی بازیابی کے لئے کیمپ میں اظہار یکجہتی کرتے ہوئے عوامی نیشنل پارٹی کے رہنما میاں افتخار حسین نے کہا کہ اگر لاپتہ افراد میں سے کسی نے کوئی جرم کیا ہے تو اسے عدالتوں میں پیش کرکے سزا دی جائے ، کیونکہ اس طرح لوگوں کو لاپتہ کرنے سے یہ مسئلہ سنگین رخ اختیار کرئے گا ۔

انہوں نے کہا کہ ہم اداروں سے اپیل کرتے ہیں کہ وہ اس مسئلے کو سنجیدگی سے لیں بصورت دیگر یہ خطرناک رخ اختیار کرسکتا ہے ۔

اے این پی رہنما نے کہا ہمارا پارٹی لاپتہ افراد کے خاندانوں کے ساتھ ہے اور ساتھ ہی ہم آئی ایس آئی کو یاد دلانا چاہتے ہیں کہ وہ پرامن طریقے سے اس مسئلے کو حل کرئے اور اس مسئلے کو اس نہج تک نہ لے جائے جہاں پہ یہ لوگ کوئی اور طریقہ سوچنے پر مجبور ہوں ۔

دی بلوچستان پوسٹ نمائندے کے مطابق اے این پی رہنما نے کہا کہ لاپتہ افراد کوئی بھی ہو وہ انسان ہی ہیں اور ساری انسانیت اس وقت لاپتہ افراد کے لواحقین کے ساتھ کھڑا ہے   اور اے این پی بھی لاپتہ افراد کے خاندانوں کی جدوجہد کا ہر وقت ساتھ دے گی اور اس مسئلے کو پرامن طریقے سے حل کرنے کا مطالبہ کرتی ہے ۔

اے این پی بلوچستان کے رہنما بھی میاں افتخار حسین کے ہمراہ تھے ۔

دریں اثناء نیشنل پارٹی کے مرکزی رہنما جان محمد بلیدی نے بھی پارٹی کے دیگر دوستوں کے ہمراہ لاپتہ افراد کے احتجاجی کیمپ کادورہ کیا اور لواحقین کے ساتھ اظہار یکجہتی کی ۔